بدین (عمران عباس) سابق اسپیکر قومی اسیمبلی اور ایم این اے بدین ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا عید کے روز سول اسپتال بدین کا دورہ، اسپتال میں زیر علاج مریضوں سے ملاقات اور تیماداری ، مریضوں نے اسپتال انتظامیہ کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔
بدین سابق اسپیکر قومی اسیمبلی اور ایم این اے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے بدین کی سول اسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں میں کھانا بھی تقسیم کیا زیر علاج مریضوں نے اسپتال میں ادویات کی قلت اور مختلف بیماریوں کا مکمل علاج نا ہونے کی شکایات کی، ایمرجنسی اور او پی ڈی میں آنے والے مریضوں اور ان کے رشتیداروں نے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو بتایا کہ شدید زخمیوں کو فوری اور مکمل علاج نا ملنے کے باعث 90فیصد مریضوں کو حیدرآباد اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کردیا جاتا ہے ، جبکہ دل کے مرض میں مبتلا مریضوں کے لیئے علاج کی سہولتیں دستیاب نہیں ہیں۔
گردوں کے وارڈ میں زیر علاج مریضوں نے بتایا کہ ڈائلاسس مشینیں خراب ہونے کے باعث علاج مکمل نہیں ہوتا جبکہ ملازمین نے بتایا کہ کئی ماہ بجٹ جاری نا ہونے کے باعث ملازمین کو چھ ماہ سے تنخواہیں جاری نہیں کی گئیں اس موقع پر ایم این اے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے مریضوں اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بدین کی عوام کو دیگر تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ علاج کی سہولتوں کے لیئے بدین میں پچاس کروڑ روپوں کی لاگت سے جدید اسپتال کی عمارت تعمیر کرائی اور پرانی عمارتوں کو بھی بھاری اخراجات سے تعمیر کروایا ہے پر افسوس ابھی تک نئی عمارتوں کو فعال نہیں کیا گیا جبکہ ڈسٹرکٹ اسپتال میں ادویات کی قلت ہے ڈاکٹروں سمیت اسٹاف کی قلت ہے جس پر حکومت کو فوری نوٹس لینا چاہیئے اور بدین کی عوام کو فوری علاج میسر کرنے کے لیئے فوری اقدامات کئے جائیں۔