صنعاء (جیوڈیسک) یمن کے شہر المخا میں شادی کی تقریب پر فضائی حملے کے نتیجے میں 8 بچوں اور خواتین سمیت 27 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے جنوب مغربی شہر المخا میں اتحادی افواج کی فضائی کارروائی کے نتیجے میں 8 بچوں اور خواتین سمیت 27 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب مقامی انتظامیہ کاکہنا ہے کہ فضائی حملے میں ہلاک افراد کی تعداد 27 سے زیادہ ہے اور متعدد افراد شدید زخمی بھی ہوئے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ سعودی اتحادی افواج کی قیادت میں مارچ سے یمن میں باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے جارہے ہیں جب کہ اقوام متحدہ کے مطابق فضائی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک ساڑھے چار ہزار کے قریب افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔