نیو یارک (جیوڈیسک) ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ عراق اور افغانستان پر امریکی حملوں سے خطے میں دہشت گردی پھیلی۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر نیویارک میں امریکی تھنک ٹینکس اور صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مشرق وسطیٰ میں دہشت گردی کے پھیلاؤ کا ذمہ دار امریکہ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ عراق اور افغانستان پر امریکی حملوں کی وجہ سے خطے میں دہشت گردی پھیل گئی۔
انہوں نے نیوکلیئر ڈٰیل کو جنگ کے خلاف فتح قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ڈیل کے بعد مشرق وسطی ایک اور جنگ کا ایندھن بننے سے محفوظ رہا۔ انہو ں نے کہا کہ ایران شام اور یمن میں جمہوریت لانے میں عالمی برادری کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔
شام میں داعش جیسے شدت پسندوں سے مقابلہ کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور اگر وہ تمام عناصر ختم کردئیے جائیںگے تو صدر بشار الاسد کی حکومت کو کوئی خطرہ لاحق نہ ہوگا۔ بشار الاسد کو ہٹانے سے شام انتہا پسندوں کیلئے محفوظ پناہ گاہ بن جائیگا۔