ممبئی (جیوڈیسک) شروتی ہاسن جنھیں کچھ عرصہ قبل ’’ہیرا پھیری 3‘‘ میں ابھیشیک بچن کے مدمقابل ہیروئن کے کردار کے لیے سائن کیا گیا تھا، نے اب فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔
اس سلسلہ میں شروتی ہاسن کے ترجمان نے بھارتی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شروتی ہاسن اس وقت دو ہندی فلموں کے ساتھ ساتھ تین تامل فلموں میں کام کررہی ہیں اور ان کے پاس ابھیشیک بچن کے ساتھ فلم کرنے کے لیے وقت نہیں ہے اس لیے وہ ’’ہیرا پھیری3‘‘ میں کام نہیں کر سکتیں۔
واضح رہے کہ ہیرا پھیری سلسلہ کی اس تیسری فلم میں ابھیشیک بچن کے علاوہ پریش راول،سنیل شیٹی، جان ابراہم، ایشا گپتا اور نیہا شرما مرکزی کردار نبھا رہے ہیں۔
دوسری طرف شروتی ہاسن اس وقت دو بالی ووڈ فلموں نشکانت کامت کی ’’راکی ہینڈسم‘‘ اور تگمانشو ڈھولیا کی ’’یارا‘‘ کے علاوہ تامل فلم ’’ پلی‘‘ میں وجے، ویدلام ‘‘ میں اجیت اور ’’سنگھم 3‘‘ میں سوریا کے مدمقابل مرکزی کردار نبھارہی ہیں اور ان میں سے تین فلموں کو رواں برس جب کہ دو کو اگلے برس سینما گھروں کی زینت بنائے جانے کا اعلان کیا جاچکا ہے اور شروتی ان دنوں اپنی ان تمام فلموں کی شوٹنگز ختم کروانے میں مصروف ہیں۔