پاکستان اور بیلا روس خصوصی اقتصادی زونز کے قیام پر متفق

Pakistan And Belarus to Set Up Economic

Pakistan And Belarus to Set Up Economic

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کے روڈمیپ پر دستخط کر دیے گئے۔

گزشتہ روزجاری کردہ اعلامیے کے مطابق روڈمیپ پر وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان اور بیلاروس کے وزیر صنعت ویٹالی ایم ووک نے دستخط کیے، دستخط کی تقریب کے بعد دونوں وزرا نے اپنے وفد کے ہمراہ تجارتی اور معاشی تعاون کے فروغ کے لیے مذاکرات کیے۔ وفاقی وزیر تجارت نے ملاقات کے دوران بتایا کہ وزارت تجارت ان اشیا کی فہرست تیار کر رہی ہے جس پر دونوں ممالک ایک دوسرے کوزیرو ٹیرف پر تجارت کی اجازت دیں گے۔

اس لسٹ کا جلد تبادلہ کر لیا جائے تاکہ باہمی تجارت میں تیزی آ سکے، یہ بھی اتفاق کیا گیاکہ دونوں ممالک کی سرزمین پر اسپیشل اکنامک زونز تعمیر کیے جائیں گے جہاں ٹیکسٹائل، چمڑے، فرنیچر، کھیلوں کے سامان اورآلات جراحی کی صنعت کو فروغ دیا جائے گا۔ بیلاروسی وزیر نے کہا کہ نومبر میں بیلاروسی وزیراعظم پاکستان کا دورہ کریں گے۔

جس میں متعدد ایم او یوز پر دستخط کیے جائیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ بیلاروس پاکستان میں ٹریڈ آفیسر تعینات کر رہا ہے جو پاکستان بیلاروس تجارتی اور معاشی روڈ میپ پر عملدرآمد کے لیے پاکستانی حکام سے مسلسل رابطے میں رہے گا۔ دونوں وزرا نے پاکستان میں بیلاروس کے ٹریکٹر ،کان کنی کے آلات اور زرعی مشینری کی تیاری کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کو سہولتیں فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔

یہ بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان میں انفرااسٹرکچر کے پروجیکٹ خصوصاً پاکستان چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں میں بیلاروس کی شمولیت کے لیے اسٹڈی کرائی جائے گی۔ بیلاروس کا 10رکنی وفد وزیر صنعت ویٹالی ایم ووک کی قیادت میں پاکستان کا 2 روزہ دورہ مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہو گیا۔