بیجنگ (جیوڈیسک) چین کے جنوبی علاقے گوانگ شی میں ہونے والے یکے بعد دیگرے دھماکوں میں 7 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے جنوب میں واقع خودمختارعلاقے گوانگ شی کے شہرلیوچینگ میں یکے بعد دیگرے 15 دھماکوں سے شہر لرز اٹھا جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے جب کہ متعدد گاڑیوں اور عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا،۔زخمی ہونے والے متعدد افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق دھماکے شہر کے 13 مختلف مقامات پر کیے گئے جن میں سرکاری عمارات، شاپنگ سینٹر، سپر مارکیٹ، بس اسٹاپ، اسپتال،مارکیٹ سمیت عوامی مقامات شامل تھے ،واقعے کے بعد شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے متاثرہ علاقوں کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں اور شہر میں سیکیورٹی بھی سخت کردی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد ڈاک کے ذریعے مختلف پیکٹوں میں بھیجا گیا تھا،فوری طور پر دھماکوں کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے اور نہ ہی کسی نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے جب کہ حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کو دہشت گردی کے واقعے کے بجائے ایک مجرمانہ فعل کے طور پر دیکھ رہے ہیں اور ایک مشتبہ شخص کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔