لیاقت آباد میں ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر امیر زون کا اظہار تشویش

Robbery

Robbery

کراچی : امیر جماعت اسلامی زون لیاقت آباد اسحق تیموری نے لیاقت آباد میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیاقت آباد میں بی ایریا، بلاک 5 تا 10 اور متعدد علاقوں میں چوری، ڈکیتی اور راہزنی کے واقعات میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے۔

مگر المیہ یہ ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ ملزمان بلا خوف و خطر شہریوں کو لوٹ لیتے ہیں اور مزاحمت پر جان سے مارنے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔

جرائم پیشہ عناصر پولیس کی گرفت سے آزاد ہیں۔ جرائم پیشہ عناصر کی آزادانہ نقل وحرکت سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان عناصر کوپولیس کی سرپرستی حاصل ہے۔ امیر زوں لیاقت آباد اسحق تیموری نے کہا کہ لیاقت آباد کے شہری بڑھتی ہوئی ڈکیتی کی وارداتوں سے عدم تحفظ کا شکار ہیں، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف حقیقی ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کریں تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔