لاہور (جیوڈیسک) انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ ختم ہو گیا، قومی ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کہتے ہیں کہ یہ سیریز ان کے کیریئر کی آخری سیریز ہوسکتی ہے ، کوشش ہوگی اسے یادگار بنایا جائے۔
انگلینڈ کے خلاف مختصر تربیتی کیمپ قذافی سٹیڈیم لاہور میں ختم ہوگیا ۔ قومی کپتان مصباح الحق کہتے ہیں کہ انگلینڈ کے بعد چھے ماہ تک کوئی ٹیسٹ سیریز نظر نہیں آ رہی ، ہوسکتا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف یہ ان کے کیریئر کی آخری سیریز ہو۔
دو ہزار بارہ میں بھی انگلینڈ ایشز کی فاتح ٹیم تھی مگر پاکستان سے تین صفر سے ہاری جبکہ اس بار انگلش ٹیم چیمپئن کے روپ میں آئے گی لیکن قومی کپتان سمجھتے ہیں کہ حریف ٹیم میں یو اے ای کی گراؤنڈز کا تجربہ کم ہے۔
ٹیسٹ سکواڈ کے بیشتر کھلاڑی زمبابوے کے خلاف ون ڈے سکواڈ میں بھی موجود ہیں ، پاکستان میں موجود ٹیسٹ کرکٹرز کل رات یو اے ای روانہ ہوں گے۔