ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے سپر دبنگ اسٹار سلمان خان کی نئی آنے والی فلم’’ پریم رتن دھن پایو‘‘ کے ٹریلر نے یو ٹیوب پر دھوم مچا دی ہے جب کہ فلم کا ٹریلر 24 گھنٹے میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا بالی ووڈ ٹریلر بن گیا ہے۔
بالی ووڈ اسٹارسلمان خان نوجوانوں کے بے حد مقبول اداکار ہیں جن کی فلموں کا شدت سے انتظار کیا جاتا ہے جب کہ ان کی نئی آنے والی فلم’’ پریم رتن دھن پایو‘‘ کے ٹریلر نے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے جس سے ان کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
گزشتہ روز سلمان خان کی نئی آنے والی فلم ’’ پریم رتن دھن پایو‘‘ کا ٹریلرریلیز کیا گیا جسے ریلیز کے 24 گھنٹے بعد ہی 34 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا جس کے بعد فلم کے ٹریلر نے سب سے زیادہ مرتبہ دیکھے جانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا جب کہ ہریتھک روشن کی فلم ’’کرش 3‘‘ کے ٹریلر کو 24 گھنٹے میں 21 لاکھ افراد نے دیکھا تھا۔
واضح رہے کہ فلم ’’ پریم رتن دھن پایو‘‘ میں سلمان خان کے ساتھ سونم کپور مرکزی کردار ادا کریں گی جب کہ فلم 12 نومبر کو ریلیز ہوگی۔