وزیرآباد (عدیل احمد خان لودھی) ممبر قومی اسمبلی جسٹس ریٹائرڈ افتخار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ نیب جلد ہی تحصیل وزیرآباد میں کار روائی کرنے والی ہے ۔ترقیاتی فنڈز میں کمیشن کھانے والے گرفتار ہونگے۔ (ن)لیگ کی مقامی ٹیم میں شریف اور رزق حلا ل کھانے والے افراد ہیں۔
ایران سے گیس آنے کے بعد ڈسکہ روڈ کے 5 دیہات کو مرحلہ وار گیس دی جائے گی۔نواحی موضع پٹھانوالی میں 20 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والی سوہدرہ لنک روڈکے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم این اے افتخار احمد چیمہ نے کہا کہ نیب تحصیل وزیرآباد میں کاررائی کرنے والی ہے اور ترقیاتی فنڈزمیں سے کمیشن کھانے والوں کی گرفتاریاں ہو نگی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم میں شریف لوگ اور رزق حلال کھانے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم میں جس نے شامل ہونا ہے اسے حلقہ کے لوگوں کے ساتھ مسلسل رابطہ میں رہنا ہو گا اور مسائل پر توجہ دینا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ان کے حلقہ کے 150 دیہات کا گیس کی فراہمی کا مطالبہ ہے جبکہ گیس کی پیدوار کھپت کے مقابلے میں کم ہے۔ایران پر پابندیاں اٹھنے کے بعد ایران سے پاکستان کو گیس کی فراہمی کی امید بند ھ گئی ہے۔ جوں ہی ایران سے گیس کی فراہمی شروع ہو گی تو تحصیل کے 10 دیہات کو گیس دی جائے گی جس میں سے پٹھانوالی سمیت ڈسکہ روڈ کے 5 دیہات شامل ہو نگے جو وعدے کئے وہ پورے کئے اور آئندہ بھی کرینگے۔انہوں نے پٹھانوالی تا سوہدرہ لنک روڈ کے نامکمل حصے کو مکمل کرنے کے لئے مزید 20 لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا جبکہ مارچ سے پہلے پٹھانوالی کے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کو مڈل کا درجہ دینے کی یقین دہانی کرائی۔