سبی کی خبریں 6/10/2015

سبی (محمد طاہر عباس ) کمشنر سبی ڈویژن غلام علی بلوچ نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کررہی ہے تاکہ صوبے کے دور دراز علاقوں کے بچے اور بچیاں بھی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوکر باعزت شہری کی زندگی گزارسکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی رکھنی روڈ ریس موڑ کے مقام پر این ایل سی کے تعاون سے قائم پرائمری بوائیز سکول کے دورے کے موقع پر طلباء اساتذہ اور علاقہ معتبرین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈی جی این ایل سی میجر جنرل فیصل مشتاق ، بریگیڈیئر محمد احمد علوی پروجیکٹ ڈائریکٹر سائوتھ کراچی، ڈپٹی کمشنر نورالحق کاکڑ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاالزماں کیانی ، لیفٹننٹ کرنل ارسلان حلیم ، حاجی سعید الدین طارق و دیگر بھی موجود تھے کمشنر سبی ڈویژن غلام علی بلوچ نے طلباء اور اساتذہ کی لگن اور تعلیمی دلچسپی کو محسوس کرتے ہوئے ریس موڑ کے مقام پر پرائمری سکول کیلئے بلڈنگ تعمیر کرنے کا اعلان کیا اس موقع پر ڈی جی این ایل سی میجر جنرل فیصل مشتاق نے بھی کمشنر سبی ڈویژن کے اعلان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ این ایل سی بھی سکول کی بلڈنگ کو تعمیر کرنے کیلئے تعاون کرے گی سکول کے دورے کے موقع پر کمشنر سبی ڈویژن غلام علی بلوچ نے سکول کے بچوں میں فروٹ اور نقد رقم بھی تقسیم کی جبکہ میجر جنرل فیصل مشتاق نے بچوں میں مٹھائی بھی تقسیم کی کمشنر سبی ڈویژن نے کہا کہ دیہی علاقوں کے بچوں کو بھی شہری بچوں کی طرح سہولیات فراہم ہونی چاہییں کیونکہ یہ بچے ہمارے کل کا مستقبل ہیں اور ملک کی بھاگ دوڑ انہی بچوں نے سنبھالنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر دیہی علاقوں کے طلباء و طالبات کو بھرپور سہولتیں فراہم کی جائیں تو نہ صرف ان بچوں کی احساس محرومی ختم ہوگی بلکہ ان میں مزید علم حاصل کرنے کا جذبہ پیدا ہوگا اور ہم اسی صورت میں اکیسویں صدی کے چیلجز کا سامنا کرسکیں گے انہوں نے کہا کہ ریس موڑ کے مقام پر پرائمری سکول کی بلڈنگ کی تعمیر سے یہ بچے گرمی اور سردی کی شدت سے محفوظ رہ کر بہتر انداز میں تعلیم حاصل کرسکیں گے انہوں نے کہا کہ سکول کی بلڈنگ کا تعمیراتی کام جلد شروع کردیا جائے گا اور سکو ل میں تمام تر بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی کمشنر سبی ڈویژن نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت کی سہولیات بھی ان علاقوں میں مہیا کی جائیں گی انہوں نے کہا کہ سبی رکھنی روڈ کی تعمیر سے علاقے میں بہت جلد تبدیلی آئے گی اور یہ علاقہ بہت جلد ترقی یافتہ شہروں میں شامل ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سبی (محمد طاہر عباس ) قیدیوں کو چاہیے کہ وہ اپنی سزا کے اختتام پر معاشرے کا اچھا شہری بنکر جیل سے رخصت ہوں جبکہ جیل انتظامیہ پر لازم ہے کہ وہ قیدیوں کی سہولیات کا خیال جیل مینوئل کے مطابق رکھیں قیدی اور جیل انتظامیہ جیل کو داراصلاح سمجھیں ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات بلوچستان محترمہ ممتاز نے اپنے دورہ ڈسٹرکٹ جیل سبی کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جیل سپرنٹنڈنٹ نوید الیاس،اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اکبر ابڑو ، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ طاہر ڈومکی ،پاکستان گروپ آف جرنلسٹس کے ضلعی صدر محمد طاہر عباس، ڈپٹی جنرل سیکریٹر ی یار علی گشکوری بھی ہمراہ تھے۔

محترمہ ممتاز نے کہا کہ قیدیوں کو چاہیے کہ جب وہ جیل سے اپنی سزا کاٹ کر نکلیں تو وہ معاشرے کا ایک اچھا شہری کہلائیں قید کے دوران انہیں باالخصوص اپنی اصلاح کی فکر رہنی چاہیے دوسری جانب انہوں نے جیل انتظامیہ کو کہا کہ وہ قیدیوں کا خیال رکھیں انکا اصلاحی پہلو قیدیوں کو اچھا شہری بننے میں ممدومعاون ثابت ہوگا نیز قدیوں کو سہولیات جن میں خوراک ،علاج، ملاقات ،صفائی ستھرائی شامل ہیں جیل مینوئل کے مطابق فراہم کی جائیں انہوں نے کہا کہ قیدی اور جیل انتظامیہ جیل کو داراصلاح سمجھیں آئی جی جیل خانہ جات محترمہ ممتاز نے اپنے دورہ جیل کے دوران جیل کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا قیدیوں کے مسائل سنے اور سزا یافتہ قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کمی کرنے کا بھی اعلان کیا۔

Sibi News

Sibi News