اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت داخلہ نے سینیٹ کے اجلاس میں اپنے تحریری جواب میں کہا ہے کہ 2015 کے دوران ملک بھر میں دہشت گردی کے 821 واقعات رونما ہوچکے ہیں جن میں 558 افراد جاں بحق جب کہ ایک ہزار 7 زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی چیرمین مولانا عبدالغفورحیدری کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا، جس میں وزارت داخلہ کی جانب سے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ 2015 میں دہشت گردی کے واقعات 821 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں 558 افراد جاں بحق جب کہ ایک ہزار 7 زخمی ہوئے۔ اس وقت ملک میں 10 فوجی عدالتیں کام کررہی ہیں جب کہ 11ویں پر کام جاری ہے، فوجی عدالتوں میں تعینات ججوں سے متعلق معلومات افشا نہیں کی جاسکتی۔
انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے تحریری جواب میں وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ 2002 سے اب تک ملک میں انسانی اسمگلنگ کا شکارافراد کی تعداد 4 ہزار 522 ہے، انسانی اسمگلنگ کے قانون سے آج تک ایک ہزار 313 مجرموں کو سزا ہوئی۔