ممبئی (جیوڈیسک) عامر خان نے اپنے گھر میں منعقدہ ایک دعوت میں اپنے جگری دوست سلمان خان کو مدعو کیا۔ دعوت کے دوران بات اس وقت بگڑی جب عامر خان نے سلمان خان کی فلموں پر سخت تنقید کرنا شروع کر دی۔
ان کا کہنا تھا کہ سلمان خان بھارت کے صف اول کے اداکار ہیں جنہوں نے کئی سپر ہٹ فلمیں دیں لیکن ان کی اداکاری میں انھیں کبھی پختگی نظر نہیں آئی۔ عامر خان نے کہا کہ صرف بجرنگی بھائی جان ہی وہ واحد فلم ہے جس میں سلمان خان نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
خبریں ہیں کہ بجرنگی بھائی جان کو بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ کی باتیں پسند نہیں آئیں جسے وہ دل پر لے گئے۔ سلمان خان نے دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں عامر خان کی طرح محنتی نہیں ہوں لیکن میں اپنی فلموں کی کامیابی کا اپنے علاوہ دیگر لوگوں کو بھی کریڈٹ دیتا ہوں۔
رپورٹس ہیں کہ سلمان خان نے بھری محفل میں عامر خان کو مصنوعی اور جعلی شخص کے القابات سے بھی نوازا۔ عامر خان اپنے گہرے دوست کی باتوں پر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔