ٹینس: نواک چین اور میرین جاپان اوپن کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

Tennis

Tennis

لاہور (جیوڈیسک) ٹینس کے شاندار مقابلے ایشیائی ممالک میں جاری ہیں، چین اور جاپان میں دنیا بھر سے آئے ہوئے معروف ٹینس پلیئرز اپنی صلاحیت کا لوہا منوا رہے ہیں۔

چائنہ اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں سربین ٹاپ سیڈ نواک جوکووچ کا مقابلہ چینی حریف زی زانگ سے ہوا، عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار جوکووچ نے حریف کھلاڑی کو صرف 55 منٹ میں ہی چھ دو اور چھ ایک سے زیر کر کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

اطالوی کھلاڑی فیبیو فوگ نینی نے بیلجئم کے ڈیوڈ گوفِن کو کانٹے دار مقابلے کے بعد شکست دی، اسی فتح کے ساتھ انھوں نے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔

ادھر ٹوکیو میں جاپان اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں کروشیا کے میرین سلک امریکی سٹیو جوہنسن کے مد مقابل آئے۔

میرین سلک نے اپنی مہارت ثابت کرتے ہوئے حریف کھلاڑی کو چھ تین اور چھ تین کے اسٹریٹ سیٹس سے چت کیا، اس آسان فتح کے بعد عالمی نمبر آٹھ میرینن سلک ایونٹ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچ گئے ہیں۔