کلکتہ (جیوڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی موجودہ فارم کے باعث ان کی ٹیم میں شمولیت پر سوال اٹھنے لگے ہیں اور سابق بھارتی فاسٹ بالر اجیت اگرکار نے انھیں ٹیم پر بوجھ قرار دیتے ہوئے مینجمنٹ کو ان کی تبدیلی پر غور کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
اپنے ایک انٹر ویو میں اجیت اگرکار کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان مہندرا سنگھ دھونی ایک بہت اچھے کھلاڑی ہیں لیکن موجودہ فارم کے باعث وہ ٹیم پر بوجھ بنتے جا رہے ہیں اور بورڈ کو جنوبی افریقا سے ون ڈے سیریز کے بعد ایک کھلاڑی اور کپتان کی حیثیت سے دھونی کی فارم کا جائزہ لینا چاہیئے۔
اگرکار کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کا ریکارڈ اچھا رہا ہے لیکن دھونی کی قیادت میں پہلے ٹیم ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہاری پھر بنگلا دیش میں 2 سیریز ہارے اور اب ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی ہار گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سلیکٹرز کو ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میں ٹیم کی بہتری کے لئے مشکل فیصلے کرنے ہوں گے اور میرے خیال میں ویرات کوہلی کی قیادت میں ٹیم نے ٹیسٹ سیریز بھی جیتی ہے لہذا اس سیریز کے بعد سلیکٹرز کو فیصلہ کرنا چاہیئے۔
سابق بھارتی فاسٹ بالر نے دھونی کے نمبر 4 پر بیٹنگ کے فیصلے کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دھونی اپنے پورے کیرئیر میں نمبر 6 پر بیٹنگ کرتے رہے لیکن اپنے کیرئیر کے آخری حصے میں ان کا نمبر 4 پر بیٹنگ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھونی کے نمبر 4 پر بیٹنگ کا فیصلہ نہ صرف اجنکیا رہانے سے بلکہ ٹیم کے ساتھ بھی زیادتی ہے، اجنکیا رہانے نمبر 4 پر نہ صرف ٹیسٹ کا بلکہ ون ڈے کا بھی اچھا کھلاڑی ہے۔