کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کے احکامات پر محکمہ لوکل ٹیکس بلدیہ عظمیٰ کراچی کا شاہراہ فیصل سے سائن بورڈ ز کے خلاف آپریشن سینکڑوں سائن بورڈز ،ہائی ماسک اور ڈائریکشن بورڈز اُتار لئے گئے تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی سجاد عباسی کی ہدایت پر محکمہ لوکل ٹیکس کے ایم سی نے شاہراہ فیصل پر ڈرگ روڈ تا گورا قبرستان تک سینکڑوں سائن بورڈ ز اور بڑے ہائی ماسک پولز اُتار دیئے گئے۔
رات گئے سائن بورڈز اُتارنے کے حوالے سے آپریشن کی ڈپٹی کمشنر ایسٹ آصف جان صدیقی نے سنیئر ڈائریکٹر لوکل ٹیکس کے ایم سی عبدالراشد خان نے افسران کے ہمراہ نگرانی کی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ایسٹ آصف جان صدیقی نے کہاکہ شاہراہ فیصل شہر کی ماڈل شاہراہ ہے اس کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے ہر ممکن اقدامات اُٹھا ئے جائیں محکمہ لوکل ٹیکس کے ایم سی کے اقدامات کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے تما م اداروں کو اس کی تقلید کرتے ہوئے شاہراہ فیصل کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔
سنیئر ڈائریکٹر لوکل ٹیکس کے ایم سی عبدالراشد خان نے کہاکہ سپریم کورٹ کے احکامات پر شہر کی شاہراہوں سے سائن بورڈز کے خاتمے کی مہم جاری ہے اور آخری غیر قانونی سائن بورڈز کے خاتمے تک مہم جاری رکھی جائے گی عبدالراشد خان نے کہاکہ گورنر سندھ کے احکامات پر شاہراہ فیصل کو سائن بورڈز سے پاک بنا نے کے حوالے سے اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور انشا اللہ بے ہنگم سائن بورڈ کا خاتمہ کرکے شاہراہ فیصل کی ماڈل حیثیت کو بحال کیا جائیگا انہوں نے کہاکہ محکمہ لوکل ٹیکس کے ایم سی کے مالی وسائل میں اضافے کے ساتھ شہر سے غیر قانونی سائن بورڈز کے خاتمے اور اس کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کررہی ہے۔