لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے این اے 122 کا میچ بھی اپنے امپائرز کے ساتھ کھیلا تاہم اس مقابلے میں اگر علیم خان کی جگہ میں خود ہوتا تو باآسانی جیت جاتا۔
عمران خان نے کہا کہ ہماری جماعت منظم نہیں تھی لیکن اب چوہدری سرور اسے منظم کررہے ہیں، چوہدری سرور جیسا تجربہ کار سیاستدان ہمارے پاس پہلے نہیں تھا تاہم اب تحریک انصاف 2013 کے مقابلے میں بہتر ہے جس کا کریڈٹ چوہدری سرور کو جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2013 کے عام انتخابات میں دھاندلی کے مؤقف پر قائم ہوں اور ملک میں عدل و انصاف کا نظام چاہتا ہوں۔
چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ این اے 122 کا انتخاب شفاف تھا لیکن قبل از وقت دھاندلی ہوئی جب کہ نوازشریف نے یہ میچ بھی نوازشریف نے اپنے امپائرز کے ساتھ کھیلا۔ عمران خان نے کہا کہ حکومتی مشینری استعمال کرنے کے باوجود ایاز صادق صرف 2400 ووٹوں سے جیتے لیکن اگر میں علیم خان کی جگہ ہوتا تو آسانی سے جیت جاتا۔