تونسہ (جیوڈیسک) رکن قومی اسمبلی سردار امجد فاروق کھوسہ کے ڈیرے میں خودکش حملے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جب کہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
تونسہ شریف میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی سردار امجد فاروق کھوسہ کے ڈیرے میں خودکش حملہ آور نے اس وقت اپنے آپ کو اڑا دیا جب وہاں بلدیاتی انتخابی مہم کے لئے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے کے بعد ڈیرے میں آگ لگ گئی اور کئی کمرے زمین بوس ہوگئے۔ مقامی لوگوں نے ملبے سے زخمیوں کو نکال کر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال تونسہ منتقل کیا۔
ڈی سی او تونسہ غلام مبشر میکن کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 8 افراد جاں بحق ہوئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے جب کہ 20 سے زائد زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، جن میں سے 10 کی حالت تشویش ناک ہے۔ دھماکے میں جاں بحق 6 افراد کی شناخت ہوگئی ہے تاہم خاتون سمیت 2 افراد کی شناخت اب تک نہیں ہوسکی۔ جاں بحق افراد میں 2 بلدیاتی امیدوار بھی شامل ہیں۔
چیف انسپکٹرسول ڈیفنس خالد کریم نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ دہشت گردوں کا نشانہ رکن قومی اسمبلی امجد فاروق کھوسہ تھے لیکن خوش قسمتی سے دھماکے کے وقت وہ یا ان کے گھر کا کوئی فرد موجود نہیں تھا۔ دھماکے میں 13 کلوگرام وزنی خودکش جیکٹ استعمال ہوئی، جس میں بارود اوربال بیرنگ استعمال کئے گئے۔
دھماکے سے ڈیرے کے 5 کمرے اور ہال تباہ ہوگیا۔ دھماکے سے ہال میں پڑی تمام اشیاء اور الیکٹرانکس کا سامان جل گیا۔ خودکش حملہ آور کا سر اور جسم کے دیگر اعضا فرانزک ٹیسٹ کےلئے بھجوا دیئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اگست میں دہشت گردوں کی جانب سے اٹک میں سابق وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کو بھی ان کے ڈیرے پر خودکش حملے میں شہید کیا جاچکا ہے۔