کراچی (جیوڈیسک) حساس اداروں نے کراچی میں چار سینئر پولیس افسران پر حملوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ حساس اداروں نے گرفتار دہشت گردوں سے تفتیتش کے بعد ایک مراسلہ جاری کیا ہے۔ جس کے مطابق کالعدم لشکر جھنگوی، القاعدہ اور داعش کی سوچ کے حامل دہشت گرد چار سینئر پولیس افسران پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
جن پولیس افسروں پر دہشت گردوں کے حملوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ان میں ایس ایس پی راؤ انوار، ایس ایس پی اسیپشل انویسٹی گیشن یونٹ فاروق اعوان، انچارج کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ راجہ عمر خطاب اور انچارج کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ انویسٹی گیشن مظہر مشوانی شامل ہیں۔ ایس ایس پی راؤ انوار پر مختلف اوقات میں 3 حملے، ایس ایس پی فاروق اعوان پر ڈیفنس میں بم دھماکا جبکہ راجا عمر خطاب پر بھی حملہ ہو چکا ہے۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ دہشتگرد پولیس افسران کو عدالتوں میں پیشی کے دوران ٹارگٹ کر سکتے ہیں، مراسلے میں تنبیہہ کی گئی ہے کہ محرم الحرام کے دوران پولیس افسران نقل و حرکت خفیہ رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔