لاہور (جیوڈیسک) شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کی یاد میں شب عاشور ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ لاہور کی نثار حویلی میں مجلس عزا کے بعد جلوس برآمد ہوا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔
نواسہ رسول جگر گوشہ بتول حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے رات بھر عزاداری جاری رہے گی اور صبح کو علم اور ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوں گے۔ کراچی کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو گا۔
پشاور میں دس محرم کا جلوس امام بارگاہ کوچہ جان عالم سے برآمد ہو کر اسی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔ کوئٹہ میں ماتمی جلوس علمدار روڈ سے برآمد کیا جائے گا ور امام بارگاہ کلاں میں اختتام پذیر ہو گا۔
مظفر گڑھ، حیدرآباد، سکھر، خیرپور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور راولپنڈی سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی جگہ جگہ مجالس عزا کا اہتمام کیا جائے گا اور عزادار پرسہ داری کریں گے۔ جلوسوں کے راستے میں دودھ اور پانی کی سبیلیں لگائی جائیں گی اور لنگر تقسیم کیا جائے گا۔ شام کو مجالس شام غریباں برپا ہوں گی۔
یوم عاشور پر ملک بھر میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ پنجاب کے چھتیس اضلاع میں پاک فوج کی پچھتر اور رینجرز کی بارہ کمپنیاں اسٹینڈ بائی رہیں گی۔ اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کی جا چکی ہیں۔