لاہور (جیوڈیسک) 24 اکتوبر اقوام متحدہ کا دن امن مشن میں پاکستان فوج کا کردار سب سے نمایاں ہے۔ پاکستان 1960 میں اقوام متحدہ کے امن مشن کا حصہ بنا اور گزشتہ 55 سالوں میں دنیا کے تمام بر اعظموں میں اقوام متحدہ کے امن مشن کا حصہ رہا۔
پاکستان نے اقوام متحدہ کے 41 امن مشنز میں اب تک 23 ممالک کے لیے ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانی جوانوں کی خدمات فراہم کی ہیں۔ پاکستان کئی برسوں تک اقوام متحدہ کے امن مشن میں سب سے زیادہ اہلکار فراہم کرنے والا ملک رہا جبکہ اس وقت بھی پاک فوج کے 7500 جوان اور افسر اقوام متحدہ کے 6 مشنز میں حصہ لے رہے ہیں۔
دنیا میں قیام امن کے لیے پاک فوج کے 23 افسروں سمیت 144 جوان اب تک جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاک فوج کی بے مثال خدمات کا اعتراف اقوام متحدہ سمیت دنیا کے اہم رہنماؤں نے ہمیشہ کیا اور اب پاک فوج کو اقوام متحدہ کے امن مشن کا لازمی جزو تصور کیا جاتا ہے۔