وزیرآباد (عدیل احمد خان لودھی) ملک کے مختلف شہروں کی طرح وزیرآباد اور گردونواح میں بھی ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بارش کے ساتھ چلنے والی سحر انگیز ہوائوں کے جھونکوں سے موسم سرد ہو گیا ہے۔
شہریوں نے ہلکے ملبوسات کا استعمال ترک کرکے اچانک گرم کپڑے اوڑھ لئے ہیں۔ سہانے سرد موسم کا مزہ لینے کیلئے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے ہیں خشک میوہ جات، پستہ، اخروٹ کیساتھ مچھلی اور فاسٹ فوڈز کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔سرد موسم کی خاص اور سستی سوغات مونگ پھلی والوں کا کاروبار بھی پھیلنے لگا ہے۔
خشک میوہ جات کی خریداری کی غرض سے آنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ سارے موسموں میں قدرت کے اپنے رنگ ہیںاس لئے وہ سبھی موسموں کو انجوائے کرتے ہیں۔
ہلکی رم جھم رم جھم میں چھتریاں تانے گھر سے باہر نکلنے کا بھی اپنا ہی مزہ ہوتاہے۔ لوگوں کی بڑی تعداد چھتریوں کا استعمال کرتی نظر آتی ہے۔
موسموں سے لطف ضرور اٹھایا جائے مگربدلتے موسموں میں کچھ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا بھی ضروری ہوتا ہے۔