رائو صالح محمد کا یونین کونسل خلد آباد ضلع ملیر کا علاقائی دورہ

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم راجپوت فیڈریشن کے نامزد اور متحدہ کے حمایت یافتہ امیدوار برائے چیئر مین یونین کونسل خلد آباد ضلع ملیر رائو صالح محمد نے کہا کہ ماضی میں اپنے دور نظامت میں عوام کے بلا امتیاز مسائل حل کئے ، قائد آباد ، خلد آباد ، لائق آباد ، مدینہ کالونی ، کوہاٹ کالونی ، گوشت گلی و دیگر علاقوں میں ہمارے کرائے گئے ترقیاتی کام اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں اورآج بھی خدمت کے اسی جذبے کے تحت بلدیاتی انتخابات میں عوامی کے تعاون سے کامیابی کے لئے پر عزم ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف کے بانی سینئر رہنما سید اکبر شاہ مرحوم کی رہائش گاہ پر ان کے صاحبزادوں سید اصغر شاہ ، سید بابر شاہ ، سید سلمان شاہ و دیگر علاقہ معززین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر امیدوار برائے جنرل کونسلر جاوید ، رائو تنویر بھی موجود تھے، رائو صالح محمد نے مزید کہا کہ علاقے کے عوام بے لوث خدمت کرنے والے اور مفاد پرستوں کو اچھی طرح جانتے اور پہچانتے ہیں ماضی میں مختلف علاقوں میں فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں ، سی سی فلورنگ ، ڈسپنسری ، پارک کا قیام اور سب سے بڑھ کے یوسی کے تمام علاقوں میں بھائی چارگی کی فضاء کا قیام میرا اور ساتھیوں کا اولین کارنامہ ہے ، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلدیاتی الیکشن میں مخلص نمائندوں کا چنائو کریں۔