لاہور (جیوڈیسک) زلزلے سے خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا۔ خیبر پختونخوا میں190 گلگت بلتستان میں 14، پنجاب میں 8 ،آزاد کشمیر میں 2 افراد کی زندگیوں کے چراغ بجھ گئے، تیمر گرہ ہسپتال میں 100 سے زائد زخمی زیرعلاج ہیں۔
زمین نے کروٹ لی، تو ہر طرف ملبہ ہی ملبہ دکھائی دینے لگا، سیکڑوں گھر تباہ ہو گئے ،ہسپتال بھی زخمیوں سے بھرے پڑے ہیں، ایبٹ آباد، دیربالا، بٹگرام، سوات، مانسہرہ، اور باجوڑ ایجنسی میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔
دوپہر دو بج کر نو منٹ پر آنے والے زلزلے سے پاکستان لرز اٹھا۔ خیبر پختونخوا میں خوفناک زلزلے نے سب سے زیادہ تباہی مچائی۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زخمیوں کی مسلسل آمد کے باعث عملہ اور بستر کم پڑ گئے۔