اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے گزشتہ روز آنے والے ہولناک زلزلے کے بعد کی صورتحال پر جائزہ اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔
گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں آنے والے زلزلے کے پیش نظر وزیراعظم نواز شریف اپنا برطانیہ کا دورہ مختصر کرتے ہوئے آج وطن واپس پہنچ گئے جب کہ انہوں نے زلزلے کے بعد کی صورتحال پر جائزہ اجلاس طلب کرلیا۔
جس میں وفاقی وزیرداخلہ، چوہدری نثار، وزیرخزانہ چوہدری نثار، وزیر اطلاعات پرویز رشید، گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی ملٹری آپریشن میجر جنرل ساحر شمشاد، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ شریک ہوں گے۔
اجلاس کے دوران امدادی اداروں کے سربراہان زلزلے سے ہونے والے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ پیش کریں گے اور این ڈی ایم اے کے میجر جنرل زلزلے کے بعد ہی صورتحال پر رپورٹ پیش کریں گے جس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا جب کہ اجلاس میں امریکا اور اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر سے آنے والی امداد کی پیشکشوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
واضح ر ہے کہ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں آنے والے خطرناک زلزلے کے نتیجے میں 240 سے زائد افراد جاں بحق اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔