لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے، ان کی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں خیبرپختونخوا کے متاثرہ لوگوں کےساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے پاکستان جرنلسٹس ایسوسی ایشن برطانیہ (پی جےاے) کے وفد کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاکستان میں زلزلے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت مشکل کی گھڑی میں خیبرپختونخوا کےمتاثرہ لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعلی شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی وطن کے عظیم سفیر ہیں،دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیاسی و عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے لیکن بعض عناصر ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹ بن رہے ہیں لیکن انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ دھرنوں کے ذریعے ملک وقوم کے خلاف سازش کی گئی ہے، بجلی کی پیداوار کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بجلی کی بندش ختم اور اس کی پیدار وار بڑھانے کے لیے دن رات ایک کر رکھا ہے اور تعلیم ،صحت اور سماجی شعبوں کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔