کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے کہا ہے کہ ضلع کورنگی کی حدود میں قائم تما م علاقوں کو مسائل سے پاک بنا نے کے ساتھ ساتھ گوٹھوں میں عوام کو درپیش مسائل سے نجات دلا کر تمام تر بلدیاتی سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا تمام محکموں کو ہدایت کی ہے کہ شہری اور دیہی تفریق کے بغیر گوٹھوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے اقدامات تیز کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل زون کے تحت گوٹھوں میں جاری خصوصی صفائی مہم کے حوالے سے انتظامات کی رپورٹ کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ۔شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی نے ایڈمنسٹریٹر قرة العین میمن کی ہدایت پر گزشتہ تین دن کے دوران جمعہ گوٹھ ،صدیق گوٹھ اور نور الدین گوٹھ میں صفائی وستھرائی کی خصوصی مہم کے دوران سینکڑوں ٹن ،کچرا ،ملبہ اور مٹی کے ڈھیروں کو اُٹھا کر ٹھکانے لگا دیا جس پر علاقہ معززین اور عوام نے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کی جانب سے اقدامات کو سراہا اور ایدمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی سے اظہار تشکر کیا۔
دریں اثناء ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے گوٹھوں کے مکینوں کو یقین دلا یا کہ صفائی وستھرائی سمیت دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مستقل بنیادوں پر انتظامات کی انجام دہی کو یقینی بنا یا جائے گا ۔ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ ضلع کورنگی کی حدود میں تمام علاقوں کی گلیوں اور محلوں کی سطح پر صحت مند ماحول کے قیام کو یقینی بنا نے کے لئے عوامی تعاون کے ذریعے اقدامات کئے جائیں انہوں نے کہاکہ عوامی سہولیات کی فراہمی کے ھوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت اور لاپراہی قطعی برداشت نہیں کی جائیگی اس موقع پر انہوں نے ضلع کورنگی کی حدود میںسرسبز ماحول کے قیام اور عوامی تعاون کے ذریعے اسے فروغ دینے کی خصوصی ہدایت کی۔