لاہور(جیوڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کو خط لکھا ہے جس میں ان سے انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے غنڈوں کی جانب سے کی جانے والی بدسلوکی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بی سی سی آئی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کو خط لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کی جانب سے ممبئی میں دونوں کرکٹ بورڈ سربراہاں کی ملاقات کے دوران ہنگامہ آرائی اور بدسلوکی کرنے پر افسوس ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان سے کرکٹ کھیلنے کو تیار ہے لیکن اس کے لئے حکومتی اجازت درکار ہے اور اس حوالے سے حکومت کو خط لکھ دیا گیا ہے اور حکومتی اجازت ملنے کے بعد ہی پاکستان سے کرکٹ کھیلیں گے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان انڈین کرکٹ بورڈ کے صدر ششانک منوہار کی دعوت پر ممبئی گئے تھے جہاں بی سی سی آئی ہیڈکوارٹر میں دونوں سربراہاں کرکٹ کے درمیان ملاقات جاری تھی کہ اس دوران شیو سینا کے غنڈوں نے دھاوا بول دیا جس کے باعث ملاقات منسوخ کرنا پڑی۔