فیصل آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن کے مطابق انتظامی مسائل کے باعث فیصل آباد کی تین یونین کونسلز اور گجرات کے چار وارڈز میں کل ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔
فیصل آباد کی یونین کونسل نمبر 158، 174 اور 176 جبکہ گجرات کی یونین کونسل نمبر 2 کے وارڈ نمبر 4، یونین کونسل نمبر 3 کے وارڈ 5، یونین کونسل نمبر 107 کے وارڈ 4 اور یونین کونسل نمبر 108 کے وارڈ 4 میں انتخابات انیس نومبر تک ملتوی کر دیئے۔
ادھر الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیر مملکت عابد شیرعلی اور چودھری شیر علی کو طلب کیا ہے۔ ایم پی اے طاہر جمیل اور ن لیگ کے رہنما خواجہ محمد اسلام کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
ان رہنماوں پر الیکشن کمیشن کی پابندی کے باوجود انتخابی جلسے کے انعقاد کا الزام ہے اور ان رہنماوں کو تین نومبر کو الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہو کر وضاحت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی پی او، سی سی پی او فیصل آباد اور ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر کو بھی طلب کر لیا گیا۔