کراچی: جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے خیر پور میں بلدیاتی انتخابات کے دوران خوریز تصادم اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس اور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدان عوام کی لاشوں پر سیاست کر رہے ہیں، اقتدار کیلئے عوام کو آپس میں لڑا کر خود تماشہ بینی کرنا سیاستدانوں کا وطیرہ بن چکا ہے، خیر پور کے مذموم واقعے میں ملوث افراد اور جماعتوں کو بے نقاب کیا جائے۔
اتوار کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمدنعیم نے کہاکہ حکمران ہر دور میں قوم میں تقسیم کا باعث بنے ہیں کبھی لسانیت، صوبائیت اور مذہب کے نعروں کے ذریعے قوم کے جذبات کے ساتھ کھیلا جاتاہے تو کبھی سیاستدان اپنے مفادات کیلئے قوم کے بچوں کے ہاتھوں سے قلم چھین کر ان میں اسلحہ تھمادیتے ہیں اور جب پکڑے جاتے ہیں تو ان سے برائت کا اظہا رکرلیا جاتاہے ،ملک میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کے ذمہ دار سیاستدان ہیں جو اپنے مفاد کیلئے عوام کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرکے پھینک دیتے ہیں،انہوںنے کہاکہ پاکستان میں سیاستدان تو بہت ہیں مگر افسوس کوئی مخلص قائد نہیں جو اس ملک اور عوام کے فائدے کیلئے کام کرے اور قائد اعظم کے دیکھے ہوئے خواب کے مطابق وطن عزیز کو تعمیر وترقی کی راہ پر گامز ن کرے۔
انہوں نے کہاکہ انتخابات سے قبل معصوم دکھائی دینے والے سیاستدان اقتدارمیں آتے ہی ظلم پر اترآتے ہیںاور عوام سے کئے ہوئے وعدوں کو پورا کرنے کے بجائے اپنی تجوریاں بھرنے میںمصروف ہوجاتے ہیں جنہیں عوامی مسائل سے کچھ لینا دینا نہیں ہوتا،یہی وجہ ہے کہ آج ملک ترقی کے بجائے تنزلی کا شکار ہورہاہے ،ہمارے ساتھ آزاد ہونے والی ریاستیں ترقی کے عروج پر ہیں ہم ہیں کہ اب تک اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف ہیں ، انہوںنے کہاکہ بزرگوں کی دعائیں اور اللہ کی مدد پاکستان کے ساتھ نہ ہوتی تو سیاستدان کب کا اس ملک کاسوداکرچکے ہوتے ، انہوںنے کہاکہ ملک میں جتنے اور جس قسم کے بھی اختلافات اور تقسیمات ہیں سب کے ذمہ دارسیاستدان اور حکمران ہیں جو اپنے ذاتی مفاد اور بیرونی طاقتوں کی جی حضوری کیلئے ملکی عوام کی لاشوں پر سیاست کرتے ہیں اس کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑتاہے، مفتی محمد نعیم نے مزید کہاکہ خیرپور کا واقعہ میں درجن سے زائد لوگ جاں بحق ہوئے اگر یہ سیاستدانوں کے اپنے عزیز ہوتے تو انہیں اندازہ ہوتاکہ اپنوں کے کھوجانے کا درد اورغم کیاہوتاہے۔ انہوںنے کہاکہ خیرپور جیسے واقعات سے وطن عزیز کی عالمی سطح پربدنامی کا باعث ہیں تحقیقات کرکے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔