لاہور (جیوڈیسک) این اے 154 لودھراں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا گیا، کاغذات نامزدگی 19 اور 20 نومبر کو وصول کیے جائیں گے جبکہ پولنگ 23 دسمبر کو ہو گی، دوسری جانب تحریک انصاف نے وزیر اعظم کے دورہ لودھراں کو پری پول رکنگ قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔
الیکشن کمیشن نے این اے 154 لودھراں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ،الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 19 اور 20 نومبر کو وصول کیے جائیں گے جبکہ کاغذات جانچ پڑتال 26 اور 27 نومبر کو ہو گی ، امیدوار اپنے کاغذات 7 دسمبر کو واپس لے سکیں گے۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 8 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔
این اے 154 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ 23 دسمبر کو ہو گی۔ دوسری طرف تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے وزیر اعظم نوازشریف کے دورہ لودھراں کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی ورزی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا ہے، خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے ترقیاتی پیکج کا اعلان ضمنی انتخاب کو متاثر کرنے کی کوشش ہے، الیکشن کمیشن فوری طور پر حکومت کی اس پری پول رگنگ کا نوٹس لے۔