چندی گڑھ (جیوڈیسک) بھارت نے موہالی ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کو جیت کے لئے 218 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم 109 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد میزبان بھارت کو 4 میچز پر مشتمل سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی۔
موہالی کے پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کا فیصلہ کھیل کے تیسرے روز ہی ہوگیا اور پرخطرپچ پر دونوں ٹیموں کی جانب سے بیٹنگ لائن ناکام رہی لیکن بولنگ کے شعبے میں بھارت کی اسپن بولنگ کامیاب رہی۔ میچ کے تیسرے روزبھارت کی پوری ٹیم دوسری اننگزمیں 200 رنز پر ڈھیر ہوگئی جس کے بعد مہمان ٹیم کو جیت کے لئے 218 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی پوری ٹیم صرف 109 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
بھارتی اسپن جادو کے سامنے جنوبی افریقا کا کوئی بلے باز کریز پر نہ کھڑا ہوسکا اور ایک کے بعد ایک کھلاڑی پویلین کی راہ دیکھتا رہا، سب سے زیادہ سیتائن وین زیل 36، ڈین ایلگراور اے بی ڈویلئیرز16،16 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ورنن فلینڈر اور فاف ڈپلوسی ایک ایک، کپتان ہاشم آملہ صفر،ڈین ویلاز 7، سیمن ہارمر11، ڈیل اسٹین 2 اور عمران طاہر 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی جانب سے روندرا جدیجا نے 5، روی چندرن ایشون نے 3، امیت مشرا اور ورون ارون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر روندرا جدیجا کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
واضح رہے کہ بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 201 اور دوسری میں 200 رنز بنائے تھے جب کہ مہمان جنوبی افریقا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 184 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔