کراچی: ایدمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے کہا ہے کہ قدرتی ماحول کو آلودگی سے بچانے اور صحت مند زندگی کے لئے سرسبز ماحول کو فروغ دیا جائے فیملی پارکوں اور کھیل کے میدانوں میں ہریالی اور تزئین و آرائش کے ساتھ علاقائی سطح پر عوامی تعاون کے ذریعے سرسبز ماحول کا قیام یقینی بنایا جائے۔
آلودگی کی عوامی زندگی پر مضر اثرات اور سرسبز ماحول کے فروغ کی افادیت سے عوامی شعود کی آگہی کے حوالے سے مہم چلا نے کی ہدایت کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی میں صاف ستھرا سرسبز ماحول کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے میونسپل کمشنر عمران اسلم کے ہمراہ کورنگی زون میں فاروقی فیملی پارک کی تزئین و آرائش اور از سر نو تعمیر کے بعد افتتاح کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر سپرٹنڈنگ انجینئر بلدیہ کورنگی مبین صدیقی ،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی رفیق شیخ اور ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس خالد وہاب اور دیگر محکمہ جاتی سربراہان بھی موجود تھے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن محکمہ پارکس کورنگی زون کے افسران وعملے کو مختصر مدت میں پارک کی ازسر نو تعمیر کے حوالے سے اقدامات کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے محکمہ پارکس کو ہدایت کی کہ ضلع کورنگی کے تمام فیملی پارکس، کھیل کے میدانوں اور گرین بیلٹس کی تزئین و اارائش اور ہریالی کے حوالے سے جاری انتظامات کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے شہر ،ضلع اور محلے کو اون کریں باہمی تعاون کے ذریعے ہی معاشر ے میں سدھار ،ترقی اور مسائل سے نجات حاصل کیا جاسکتا ہے میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی نے عوام سے کہاکہ ہے کہ وہ علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی اور سرسبز ماحول کے قیام کے حوالے سے بلدیہ کورنگی سے تعاون کریں تاکہ صحت مند معاشرے کا قیام ممکن بنا یا جاسکے۔