اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کےرہنما سینیٹر رحمان ملک نے نریندر مودی کو جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی نے بنگلا دیش میں پاکستان توڑنے کا اعتراف کیا ہے لہٰذا پاکستان کو یہ معاملہ عالمی عدالت انصاف میں لے جانا چاہیے۔
سینیٹ کا اجلاس چیرمین رضاربانی کی زیرصدارت ہوا جس میں سابق وزیرداخلہ رحمان ملک نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بنگلادیش میں بیان کے خلاف تحریک پیش کی جب کہ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش میں دیئے گئے اپنے بیان میں نریندر مودی نے پاکستان توڑنے کا اعتراف کیا اور پاکستان کے لوگوں کے ساتھ گجرات کے مسلمانوں کی طرح کا سلوک کرنے کی دھمکی دی لہٰذا پاکستان کو یہ معاملہ عالمی عدالت انصاف میں لے جانا چاہیے جب کہاقوام متحدہ سے مودی کے بیان کے خلاف تحقیقاتی کمیشن بنانے کی درخواست بھی کی جائے۔
رحمان ملک نے مودی کو جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گرد عناصر کو امداد فراہم کررہا ہے جب کہ پاکستان میں اقوام متحدہ میں بھارت کے دہشت گردوں کو امداد سے متعلق ثبوت پیش کرچکا ہے۔
دوسری جانب پاک چین اقتصادی راہداری کی پارلیمانی کمیٹی کے چیرمین سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے متحرک ہے اور بین الاقوامی میڈیا اور برداری بھارت اور پاکستان سے متعلق دوہرا معیار اپنائے ہوئے ہے جب کہ مودی نے مسکرا کر پاکستان کو توڑنے کو کامیابی قراردیا۔