راولپنڈی (جیوڈیسک) ماڈل ایان علی کرنسی سمگلنگ کیس میں کسٹم عدالت راولپنڈی میں آج پیش نہ ہو ئیں۔ملزمہ پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 15 ویں مرتبہ تاریخ مقرر کی گئی تھی۔
کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب احمد نے کیس کی سماعت کی ۔ایان علی کی بریت کی درخواست خارج ہونے پر آج فرد جرم عائد ہونا تھی۔ ایان علی کے وکیل نے عدالت کو درخواست دی کہ ایان علی بیمار ہیں ، حاضری سے استثنا دیا جائے۔
عدالت کی طرف سے کہا گیا کہ اگر ملزمہ بیمار ہیں تو ان کا میڈیکل سرٹیفیکٹ پیش کیا جائے، ملزمہ کی طرف سے میڈیکل سرٹیفیکیٹ پیش کیا گیا تو عدالت نے کہا کہ جس ڈاکٹر کا میڈیکل سرٹیفیکیٹ پیش کیا گیا ،وہ کراچی سے تعلق رکھتا ہے ، اگر ڈاکٹر کو طلب کرنا پڑا تو مشکل ہوگی۔
عدالت نے حکم دیا کہ ملزمہ آئندہ سماعت پر پیش ہو، کیس کی سماعت 19 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔
کسٹم کورٹ میں ماڈل ایان علی کی طرف سے پاسپورٹ واپسی کی درخواست جمع کرادی گئی ہے جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اہم دورے پر بیرون ملک جانا ہےپاسپورٹ واپس کیا جائے۔