بنگلہ دیش لیگ ؛ پلیئرز کو این او سی دینے میں بورڈ شش وپنج کا شکار

BPL

BPL

کراچی (جیوڈیسک) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کیلیے پلیئرز کو این او سی دینے میں پی سی بی شش وپنج کا شکار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش میں ٹوئنٹی 20 پریمیئر لیگ کا انعقاد 22 سے 15 دسمبر تک ہونا ہے، ان دنوں ملک میں فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی جاری اور فائنل آئندہ برس 3 جنوری سے شروع ہوگا، کئی کھلاڑی پریمیئر ڈومیسٹک ایونٹ چھوڑ کر نوٹ کمانے بنگلہ دیش جانا چاہتے ہیں، مگر ان کے اداروں کا موقف ہے کہ ہم پورے سال انھیں تنخواہیں دیتے ہیں اب کھیلنے کا وقت آیا تو یہ بیرون ملک جا رہے ہیں۔

دوسری جانب بورڈ کو یہ بھی خدشہ ہے کہ سری لنکا نے اپنے پلیئرز ڈومیسٹک ایونٹ کی وجہ سے روک لیا ، پاکستان اگر اجازت دے تو شور مچے گا کہ اپنے ہی سب سے بڑے ٹورنامنٹ کی بے توقیری کی ہے، اس کا حل یہ نکالا گیا کہ جو کھلاڑی این او سی مانگے اسے کہا جا رہا ہے کہ پہلے اپنے ادارے یا ریجن سے عدم اعتراض کا خط لائیں، اسی صورت بنگلہ دیش جانے کی اجازت ملے گی۔

دوسری جانب آئی سی سی نے آئندہ برس یو اے ای میں شیڈول ماسٹرز چیمپئنز لیگ کو شرف قبولیت بخش دی، ذرائع نے بتایا کہ پاکستان سمیت تمام کرکٹ بورڈز کو خط لکھ کر کہا گیا ہے کہ اگر وہ اپنے سابق یا موجودہ کھلاڑیوں کو ایونٹ میں شرکت کی اجازت دیں تو کونسل کو کوئی اعتراض نہ ہو گا، یاد رہے کہ ایم سی ایل میں سابق کرکٹرز ہی شرکت کر سکتے ہیں۔