کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن کا ایک اور عوامی کارنامہ خصوصی کاوشوں کی بدولت بلدیہ کورنگی نے جمعہ گوٹھ اور اطراف کی آبادیوں میں سیوریج سسٹم کی بحالی کو یقینی بنا دیا، نئی سیوریج لائن کی تنصیب کے تکمیل کے بعد منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر قرة العین میمن نے کہاکہ شہرمیں شہری اور دیہی تفریق کا خاتمہ کئے بغیر ترقی کا خواب ممکن نہیں۔
گوٹھوں میں رہنے والی عوام بھی بنیادی سہولیات کے حقدار ہیں ہماری اولین ترجیح گوٹھوں میں ترقی کا جال بچھا کر گوٹھوں کے رہائشی عوام کو بنیادی مسائل سے نجات اور ترقی کو یقینی کر عوام میں پائی جانے والی محرومیوں کا خاتمہ کرنا ہے بلدیہ کورنگی نے ضلع میں ترقی اور عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے جس سفر کا آغاز کیا ہے وہ اب روکنا ممکن نہیں ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے شاہ فیصل زون میں جمعہ گوٹھ اور گرد نواح کی آبادی کے لئے سیوریج بحالی سسٹم کا آغاز کرتے ہوئے کیا اس موقع پر میونسپل کمشنر عمران اسلم ،سپرٹنڈنگ انجینئر بلدیہ کورنگی مبین صدیقی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
افتتاح کے موقع پر جمعہ گوٹھ آمد پر گوٹھوں کے مکینوں نے ایڈمنسٹریٹر قرة العین میمن کا پر تباک استقبال کرتے ہوئے عرصہ دراز سے سیوریج مسائل کے شکار عوام نے مسائل حل کرنے پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی کو خراج تحسین پیش کیا ۔ایڈمنسٹریٹر قرة العین میمن نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے ضلع کورنگی کے شہری اور دیہی آبادیوں میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی امور کے ساتھ بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
انشا اللہ جمعہ گوٹھ سمیت ضلع کورنگی میں آباد دیگر گوٹھوں میں بھی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے گا اس موقع پر انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ صفائی وستھرائی کے نظام کو بہتر بنا نے کے ساتھ غیر قانونی فراہمی و نکاسی آب کے کنکشن کے حصول سے اجتناب کریں اور علاقائی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے حوالے سے جاری اقدامات میں بلدیہ کورنگی سے تعاون کریں۔