کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ینگ بلوچ فٹ بال کلب نوب شاہ کے زیر اہتمام پولیس لائن فٹ بال اسٹیڈیم پر کھیلے گئے آل سندھ راشد بلوش فٹ بال ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں پولیس بوائے فٹ بال کلب نے مد مقابل اسلم آزاد فٹ بال کلب کو 3-0سے زیر کرکے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
کھیل کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا جبکہ دوسرے ہاف میں پولیس بوائے کی ٹیم نے نہایت شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیم پر تابڑ توڑ حملے کئے جس کے نتیجے میں پولیس بوائے کے فارورڈ متین جمالی ،شاہد ،عمیر ،نعیم جمالی اور قیوم جمالی نے نہایت شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے شائقین فٹ بال سے بھر پور داد وصول کی۔
میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ضلع بے نظیر آباد کے صدر رائو نعیم (بلو) نے فاتح ،رنر اپ ٹیموں کے کپتانوں اور کھلاڑیوں میں انفرادی انعامات تقسیم کئے اس موقع پر منیجر پولیس بوائے فٹ بال کلب نواب شاہ عبدالکریم ،ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن شہید بے نظیر آباد کے سیکریٹری ماسٹر ریاست علی ،ٹورنامنٹ آرگنائزر فدا حسین بلوچ ودیگر موجود تھے جنہوں نے پولیس بوائے کے کھلاڑیوں اور آفیشل کو مبارکباد پیش کی مین آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ پولیس بوائے کے کپتان نعیم جمالی کو دیا گیا ۔جنہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں 10گول اسکور کئے اس ایونٹ کے میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔