اسلام آباد (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان نکولس ہیسوم نے جمعہ کو مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق اس موقع پر سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری بھی موجود تھے۔ ملاقات میں افغانستان میں امن اور استحکام کے سلسلے میں کی جانے والی عالمی کوششوں کے علاوہ بدلتی ہوئی سیاسی اور سلامتی کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
انھوں نے کہا عالمی برادری بھی معطل شدہ امن مذاکرات کی بحالی کی خواہش مند ہے اور پاکستان بھی اسی کو بہترین راستہ سمجھتا ہے۔ انھوں نے کہا افغانستان نے درخواست کی تو پاکستان افغان مفاہمتی عمل کے دوبارہ آغاز کے سلسلے میں مدد کرسکتا ہے۔