گجرات (جی پی آئی) ضلع گجرات میں تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کا سلسلہ شروع EDO ایجوکیشن گجرات کے دفتر میں پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشنز اور ضلعی انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس۔ اجلاس کی صدارت EDO ایجوکیشن محمد طاہر کاشف نے کی جبکہ DMO احمد رضا سرا ء ‘ چیئرمین آل پاکستان پرائیویٹ مینجمنٹ سکولز ایسوسی ایشن سید ممتاز حسین شاہ ‘ وائس چیئرمین شہزاد شفیق ‘ صدر آل پنجاب پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن طارق جاوید چوہدری ‘ افتخار چیمہ’ ناظم کھوکھر’ چوہدری تسنیم احمد ‘ شیراز احمد’ صاحبزادہ حکیم جواد الرحمن نظامی سیفی و دیگر نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کے حوالہ سے لائحہ عمل طے کیا گیا اور مخلص امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے EDO ایجوکیشن نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق پرائیویٹ تعلیمی کو ضابطہ اخلاق کے مطابق کام کرنا ہو گا۔ تمام تعلیمی اداروں میں CCTV کیمرے نصب کئے جائیں۔ دیواروں کی اونچائی بڑھائی جائے اور ان پر خار دار تاریں لگوائی جائیں۔ تعلیمی اداروں کا سٹاف پروفیشنل تعلیم سے بھی بہرہ مند ہو۔ DMO احمد رضا سراء نے کہا کہ تمام تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جائے ۔ پلے گرائونڈز بنائے جائیں یا کم از کم پلے رومز ہوں جہاں ان ڈور گیمز کا اہتمام ہو ۔ شہزاد شفیق نقشبندی نے کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں پہلے ہی حکومت پنجاب کے ساتھ تعاون کرتے ہیں لیکن پرائیویٹ تعلیمی اداروں پر اتنا زیادہ بوجھ نہ ڈالا جائے کہ وہ چل نہ سکیں۔ جہاں تک بات ہے تربیت یافتہ اساتذہ کی تو حکومت پنجاب کا فرض ہے کہ وہ جہاں اپنے اساتذہ کی تربیت کا انتظام کرتی ہے وہیں پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں کام کرنے والے اساتذہ کی بھی تربیت کا اہتمام ہونا چاہئے۔ تاکہ وہ بھی اپنے فرائض بہتر انداز میں سرانجام دے سکیں۔ اس موقع پر نئے تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کے حوالہ سے بھی لائحہ عمل طے کیا گیا۔
…………………………… ……………………………
گجرات (جی پی آئی) جس کسمپرسی سے پاکستان کا محنت کش اپنی زندگی گزار رہا ہے ، اس کی مثال پوری دنیا میں کسی جگہ نہیں ملتی ۔ افسوس کا مقام یہ ہے کہ ملک کی سیاسی پارٹیاں ہر جنرل الیکشن میں اس سادہ لوح محنت کش اور اللہ کے دوست کو غنچا دے جاتی ہیں کیونکہ انکو ان کے ووٹوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس وقت سیاستدان جھوٹے وعدے کر کے اور محنت کشوں کو سبز باغ دکھا کر انکی قسمت راتوں رات بدلنے کے وعدے کر کے ووٹ حاصل کر لیتے ہیں اور جونہی وہ کامیاب ہو جاتے تو پھر طوطا چشمی کا مظاہرہ شروع کر دیتے ہیں ۔ اس وقت انکو اپنی قسمیں اور وعدے ہر گز یاد نہیں رہتے۔ یہ بات گزشتہ روز آل پاکستان فیڈریشن آف یوناٹیٹڈ ٹریڈ یونینز کے سیکریٹری جنرل پیرزادہ امتیاز سید نے جلال پور جٹاں میں پاور لومز کے ورکروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا صنعت کار بہٹ ظالم ہے وہ اپنے منافع میں تو کمی دیکھنا گوارہ نہیں کرتا مگر دن رات محنت کرنے والے محنت کشوں کو انکی پوری اجرت دیتے ہوئے تکلیف محسوس کرتا ہے ۔ کم اجرت دے کر زیادہ منافع کمانا اسکا وطیرہ ہے۔ دوسری جانب ملک کے قوانین کی دھجیاں بکھیر کر یہ فخر محسوس کرتا ہے کہ اس کے ہاتھ بہت لمبے ہیں ۔ کوئی ادارہ بھی اسکا بال تک بھیگا نہیں کر سکتا کیونکہ صنعت کاروں نے لیبر کے متعلقہ اداروں کے افسران کو چند کوڑیوں کے عوض خرید رکھا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ پاکستان کو GSP پلس کی سہولت میسر ہے ۔ اور پاکستان کی ٹیکسٹائل کی اندسٹری دن بہ دن فروغ پکڑ رہی ہے ۔ لہذا ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بھی چاہے کہ وہ محنت کشوں کو انکے حقوق دے اور انکی اجرتوں میں بھی اضافہ کرے ۔ امتیاز سید نے کہا کہ اس وقت پاور لومز کی انڈسٹری سے لاکھوں ورکرز وابستہ ہیں جو دن رات کام کرتے ہیں ۔ مگر ملک کا کوئی ادارہ چاہے لیبر ڈیپارٹمنت ہو، یا سوشل سکیورٹی اور اولڈ ایج کا محکمہ ہو وہ محنت کشوں کو انکے جائز حقوق لیکر دینے سے قاصر ہیں۔انہوں نے کہا کہ جلال پور جٹان میں ہزاروں محنت کش پاور لومز پر کام کرتے ہیں ۔ جو مختلف قسم کی بیماریوں کے شکار ہیں ۔ اگر محکمہ سوشل سکیورٹی انکے کارڈ بنا دے تو وہ اپنا علاج معالجہ مفت کروا سکتے ہیں ۔ ضلعی حکومت اور محکمہ لیبر کو چاہے کہ وہ فوری اقدام اٹھاتے ہوئے ان محنت کشوں کے میڈیکل ٹیسٹ کروائے اور جو ورکرز موزی بیماریوں کا شکار ہوں انکا فوری علاج کرییا جائے۔ انہوں نے پاور لومز کے ورکروں سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو جائیں اور اپنی آواز کو بلند کریں ہمارتیتنظیم انکی آواز کو اندرون ملک اور بیرون ملک اٹھائے گی ۔ اگر پاور لومز انڈسٹری کے مالکان ہماری اس اپیل پر کوئی دھیان نہیں دیتے تو وہ سن لیں کہ ہم پاور لومز کو بند کر دیں گے اور جو ملک کا اور صنعت کاروں کا نقصان ہو گا اسکے وہ صنعت کار ذمہ دار ہونگے۔
…………………………… ……………………………
گجرات (جی پی آئی) ممبر اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی نے نماز جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو چاہئے کہ وہ اصلاحی پروگرام عوام کو دکھائیں کیونکہ پرائیویٹ چینلز پر ایسے پروگرام دکھائے جاتے ہیں جو کہ فیملی کے ساتھ دیکھنے کے قابل نہیں۔ گھروں میں بچے ‘ بچیاں اور خواتین ہوتی ہیں ، سنسر بورڈ کو چاہئے کہ وہ اپنے نظام کو بہتر بنائے اور فحاشی پر مبنی پروگراموں کو دکھانے سے گریز کیا جائے۔ خصوصاً جو اشتہارات چلائے جاتے ہیں وہ بھی سنسر بورڈ چیک کرے۔
…………………………… ……………………………
گجرات (جی پی آئی) علامہ اقبال نے ہمیں ایک آزاد وطن کا تصور کیا جس پر چلتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں وطن عزیز پاکستان حاصل کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس شہزاد شفیق نقشبندی نے ہفتہ یوم اقبال کے سلسلہ میں منعقدہ تقریبات کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ تقریبات ایک ہفتہ جاری رہیں۔ جن میں بچوں نے خاکے’ ملی نغمات’ کلام اقبال پیش کئے ۔ پوزیشن ہولڈرز بچوں کو انعامات دئیے گئے۔ شہزاد شفیق نے کہا کہ ہم سب کا فرض ہے کہ نوجوان نسل کی تربیت اس انداز میں کریں کہ وہ اس ملک کی بہتری میں اپنا کردار احسن طریقے سے سرانجام دیں۔ ٹیپو سلطان جیسا جذبہ پیدا ہونا چاہئے۔ نوجوانوں کو بے راہ روی سے بچانے کیلئے اقبال کی تعلیمات مشعل راہ ہیں۔
…………………………… ……………………………
گجرات (جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کے حکم پر انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر 3بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے سے انکار پر لالہ موسیٰ کے رہائشی ڈاکٹر اور اسکے دو بیٹوں کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر ادیا گیا ہے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ کھاریاں ڈاکٹر کی مدعیت میں درج کرائے گئے مقدمہ کے مطابق انسداد پولیو کی قومی مہم کے دوران ٹیم کے ممبران جنجوعہ سٹریٹ اولڈ سٹی لالہ موسیٰ میں ڈاکٹر یوسف شریف الدین کے گھر گئے اور پانچ سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا کہا تاہم مذکورہ اہلخانہ نے بتایا کہ انکے بچوں 3سالہ نادیہ دختر راحیل ، اشمال دختر راحیل اور چار سالہ عبداللہ ولد اویس نے قطرے پی لئے ہیں۔ انسداد پولیو ٹیم نے جب تصدیق کے لئے بچوں کو لانے کا کہاتو انہوں نے بد زبانی اور بدتمیزی کرنا شروع کر دی ۔ بعد ازاں ڈی ڈی او ایچ کھاریاں نے یونین کونسل میڈیکل آفیسر کو موقع پر بھیجا جس نے ڈاکٹر یوسف شریف الدین، اسکے بیٹوں راحیل شریف الدین اوراویس ولدڈاکٹر یوسف شریف الدین کو سمجھانے کی کوشش کی تاہم انہوں نے ٹیم کے ساتھ تعاون کرنے اور بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے سے صاف انکار کر دیا ۔محکمہ صحت کے افسران نے اس حوالے سے ڈی سی لیاقت علی چٹھہ کو آگاہ کیا جنہوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مذکور ہ افراد کے خلاف فوری اندراج مقدمہ کا حکم دے دیا۔ دریں اثنا تھانہ سٹی لالہ موسیٰ نے ملزمان ڈاکٹر یوسف شریف الدین، اسکے بیٹوں راحیل اور اویس کے خلاف زیر دفعہ 188/186ت پ مقدمہ نمبر 342/15درج کر لیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے جاری ہیں ۔ واضع رہے کہ ایڈمنسٹریٹر ضلعی حکومت و ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ضلع میں دفعہ 144نا فذ کر رکھی ہے جس کے تحت ضلع میں تمام والدین کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ انسداد پولیو کی قومی مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں اور انسداد پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں۔ واضع رہے کہ ڈاکٹر یوسف شریف الدین اوراسکا ایک بیٹا راحیل علاقہ میں کلینک بھی چلاتے ہیں ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کے حکم پر محکمہ صحت کے افسران نے بطور ڈاکٹر انکے کوائف کی جانچ پڑتال بھی شروع کر دی ہے۔
…………………………… ……………………………
گجرات (جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ مرغزار کالونی ٹینکی گرائونڈ میں کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جائیں گی ، گرائونڈ کے گرد چار دیواری تعمیر کرکے چاروں اطراف خوبصورت پودے لگائے جائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے اہل علاقہ کی درخواست پرگرائونڈ کے دورہ کے موقع پر جاری کیں اس موقع پر اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، ڈی او فارسٹ رضا انور شیخ، ٹی ایم او خرم محمود، خاور گجر، سید اظہر حسین شاہ، سینئر صحافی راجہ ریاض احمد راسخ، نثار الدین ساجد راٹھور بھی موجود تھے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ہدایت کی کہ ٹی ایم اے ٹینکی گرائونڈ کو بلا تاخیر لیو ل کرے اور یہاں ٹینس، بیڈ منٹن سمیت مختلف کھیلوں کے لئے سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گرائونڈ کے گرد فور ی حفاظتی جنگلہ بنایا جائے اور اسکی صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔ اس سے قبل اہل علاقہ راجہ ریاض احمد راسخ و دیگر نے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کا مرغزار کالونی آمد پر شکریہ ادا کیا اور ٹینکی گرائونڈ میں کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے درخواست کی۔
…………………………… ……………………………
گجرات (جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے عزیز شہید ہسپتال اور جمخانہ گجرات کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال میں ایمرجنسی وارڈ ، برن یونٹ، زیر تعمیر ایمرجنسی اور دیگر وارڈز جبکہ جمخانہ گجرات میں جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور صفائی کی صورتحال چیک کی انہوں نے مریضوں سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانیوالی سہولیات کے بارے میں استسفار کیا۔ اس موقع اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، ایم ایس ڈاکٹر شبیر احمد و دیگر بھی موجود تھے۔ ڈی سی او نے مریضوں کی شکایت پر ایم ایس عزیز بھٹی شہید ہسپتال کو ہدایت کی کہ خراب ایکسرے مشین کی جگہ فوری طور پر متبادل مشین کا انتظام کریں تاکہ کسی مریض کو باہر سے ایکسرے نہ کرانا پڑے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال کے اندر گرائونڈ میں پڑ ی مٹی فوری طور پر ہٹائی جائے ۔ برن یونٹ کے دورہ کے موقع پر ڈی سی او نے ہدایت کی کہ برن یونٹ کو فنکشنل کرنے کے لئے تیزی سے اقداما ت اٹھائے جائیں تاکہ مریض اس سے مستفید ہو سکیں۔ جمخانہ گجرات کے دورہ کے موقع پر ڈی سی او نے ہدایت کی کہ منصوبے کو ہر صور ت مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے ۔انہوںنے ہدایت کی کہ نوتعمیر شدہ بلڈنگ کی سیلنگ کے دوران اعلی کوالٹی میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جائے اسی طرح ممبران کی گاڑیاں کھڑی کرنے کے لئے پارکنگ کے لئے زیادہ جگہ مختص کی جائے نیز جنریٹر کی تنصیب کے لئے پارکنگ کے علاوہ کسی جگہ کا انتخاب کیا جائے۔ ڈی سی او نے کہا کہ جمخانہ گجرات کے تکمیل کے فوری بعد جنوری میں یہاں بڑا مشاعرہ کرایا جائے گا۔
…………………………… ……………………………
گجرات (جی پی آئی) تھانہ ڈوثرن پولیس نے ریلوے روڈ پر دوران ڈکیتی کی واردات کرتے ہوئے ایک ڈکیت کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے جبکہ دو فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے ہیں ،یاد رہے کہ تین ڈکیت ریلوے روڈ پر کھل کی دوکان پر ڈکیتی کر رہے تھے کہ اچانک پولیس پہنچ گئے دوڈاکو فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے،پولیس مصروف تفتیش ہے۔
…………………………… ……………………………
گجرات (جی پی آئی) اے سی گجرات میاں اقبال مظہر نے گجرات میں مہنگے داموں اشیاء خوردنوش فروخت کرنے والے چار گراں فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ،گزشتہ روز اے سی گجرات میاں اقبال مظہر نے عوامی شکایت پر ایک دوکان ظفر اقبال ولد سردار خان کو دال چنا100روپے فی کلوکی بجائے 120 روپے فی کلو،زبیر مختار کو سیب 120روپے فی کل کی بجائے 150روپے کلو،جبکہ شاہد اقبال کو ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے پر اور محمد اصغر کو مرغ کا گوشت 185کی بجائے 200روپے فی کلو فروخت کرنے پر گرفتار کر کے انکے خلاف مقدمات درج کر کے ان کو جیل بھیج دیا ہے۔
…………………………… ……………………………
گجرات (جی پی آئی) جلال پور جٹاں کے رہائشی محمد رشید نے ڈی پی او گجرات رائے ضمیر الحق کو ایک تحریری درخواست دی ہے جس میں اس نے اپنے موقف میں بتایا ہے کہ محکمہ پولیس کے ایک ملازم عامر رفیق سکنہ کلا چور نے ساز باز کر کے میرے بیٹے کی دوکان جو کے پیٹاں والا چوک جلالپو جٹاں میں گیس کی دوکان تھی خرید لی ہے اب وہ ملازم اس دوکان پر بیٹھ کر سرعام گیس فروخت کرتا ہے اور ڈیوٹی پر نہیں جاتا ،ڈی پی او گجرات اس کے خلاف فوری کاروائی کریں اور ہماری دوکان واپس کرائیں ،محمد رشید نے کہا کہ ڈی پی او صاحب نے ہماری دوکان واپس نہ کروائی تو میں پیٹاں والا چوک میں خودکشی کر لونگا ،پولیس ملازم ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتا ہے ڈی پی او فوری ایکشن لیں۔
…………………………… ……………………………
گجرات (جی پی آئی) جمعیت علما اہل حدیث کے چیرمین قاضی عبدالقدیر خاموش نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں حکومتی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں گوڈ گورننس پر تحفظات کے اظہارسے جمہوری اداروں کو نقصان نہیں ہوگا۔ حکومت کو ذاتی اور پارٹی مفادات سے بالاتر اقدامات کرنا ہوں گے۔اب تک دہشت گردی کے خلاف نیم دلانہ اقدامات سے قوم میں مایوسی بڑھی ہے۔جمہوریت میں ہی قوم کا مستقبل ہے۔ عوام نے ہمیشہ آمریتوںکا مقابلہ کیا ہے۔ حکومت پریشان نہ ہو۔ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا کہ انتہا پسندی ، فرقہ واریت اور دہشت گردی نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔اس کے خلاف سیاسی اور عسکری قیادت کا مشترکہ نقطہ نظر ہونا ضروری ہے۔ وسیع تر قومی مفادکے آڑے کسی کی دوستی، شخصیت اور ادارہ رکاوٹ نہیںآناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس کے حمایتی دہشت گردوںکے خلاف ڈھال بن جاتے ہیں۔جس کی وجہ سے نیشنل ایکشن پلان پر مطلوبہ نتائج حاصل نہیںکئے جاسکے۔ لیکن اس کے ساتھ انٹیلی جینس اداروں کی کارکردگی بھی سوالیہ نشان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قوم کو خالص سیاست کی ضرورت ہے، سیاسی بروکرز نہیں۔ قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا کہ شریف برادران اپنی ناک سے باہر بھی سوچا کریں۔ ان کی عنایات کا مرکز صرف چند لوگ ہی ہوتے ہیں۔ انہیں قومی لیڈرز کے طور پر سوچنا ہوگا۔
…………………………… ……………………………
گجرات (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی زیرصدارت کور کمانڈر اجلاس میں حکومت کی گورنینس پر جو بات ہوئی غالباً وہ مناسب نشاندہی ہے۔ وہ سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فوج نیشنل ایکشن پلان کے مطابق اپنا رول ٹھیک طریقے سے ادا کر رہی ہے لیکن سول حکومت ابھی تک اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ بیڈ گورنینس قومی سطح پر قوم کیلئے ایک خطرہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گڈ گورنینس ایک اجتماعی ترجیح ہے جس سے سول ملٹری تعلقات بھی ٹھیک رہتے ہیں اور پاکستان کی جڑیں بھی مضبوط رہتی ہیں۔ انہوں نے وارننگ دی کہ کچھ مفاد پرست لوگ شرارت کے طور پر ایک قومی ایشو پر قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔