کراچی (جیوڈیسک) سپر ہائی وے پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔
کراچی میں سپر ہائی وے پر موٹر سائیکل پر سوار دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ کا کہنا تھا کہ 2 موٹر سائیکل پر سوار 4 حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ دہشت گردی کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی شناخت رضا اور جعفر کے نام سے ہوئی، دونوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دونوں پولیس اہلکار سچل تھانے میں تعینات تھے۔
وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے پولیس اہلکاروں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آوروں کو ہر صورت گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ رواں برس دہشت گردی کے واقعات میں اب تک 78 پولیس اہلکار جاں بحق ہو چکے ہیں۔