آزاد کشمیر (نمائندہ خصوصی کھائیگلہ) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے زونل صدر داکٹر توقیر گیلانی نے کہا ہے کہ جب تک عوام بد عنوان، کرپٹ اور آزادی دشمن سیاستدانوں سے پیچھا نہیں چھڑاتے، آزادی اور سماجی بہتری کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
کہوکوٹ کھائیگلہ میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سینئر راہنما سردار شریف مرحوم کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ غازیوں، شہیدوں اور حریت پسندوں سے وابستگی کے دعویٰ کا تقاضا یہ ہے کہ ہمارا کردار بھی انہی لوگوں کی طرح ہو جو اجتماعی مفادات،عزت ،وقار اور آزادی کی خاطر اپنی جانیں تک قربان کرنے سے دریغ نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ سردار شریف مرحوم نے ساری زندگی مادرِ وطن کی آزادی و خودمختاری کی جدوجہداور غریب عوام کی خدمت میںگزاری۔وہ ایک بلند ہمت اور عظیم کردار کے مالک انسان تھے۔
ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ غازیوں اور شہیدوں کی سرزمین اس وقت بدعنوان، کرپٹ، نااہل اور قومی دولت لوٹنے والے آزادی فروشوں کے نرغے میں ہے اور عوام کو یہ فیصلہ اب کر لینا چاہیے کہ وہ کھالیں کھچوانے والوں کے قافلے کے ساتھ ہیں یا کھالیں کھینچنے والوں کے قافلے کے ساتھ۔انہوں نے کہا کہ جب تک عوام برادری اور علاقے کے نام پر ان چوروں اور ڈاکوں کی پشت پر ہیں آزاد کشمیر سے سماجی پسماندگی کا خاتمہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر اس وقت بری طرزِ حکمرانی کا شاہکار ہے اور انفرا سٹرکچر بری طرح تباہ ہو چکا ہے لیکن آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر اور وزراء عوامی ٹیکسوں سے جمع کردہ 90لاکھ روپے کی رقم سے امریکہ میں سیر سپاٹے میں مصروف ہیں اور اس لوٹ مار کو تحریکِ آزادی کا نام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ، تحریک انصاف اور مسلم کانفرنس جیسی جماعتوں کا تحریکِ آزادی سے کوئی تعلق نہیںاور ان جماعتوں کی قیادت میں شامل اکثر سیاستدان بدعنوان اور کرپٹ ہیں جنکا واحد مقصد آقائوں کی جی حضوری کرتے ہوئے اقتدار کا حصول اور عوامی فنڈز کی لوٹ مار ہے۔ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ بیس کیمپ کے عوام کو تحریک آزادی میں اپنے کردار کا نئے سرے سے تعین کرنا ہوگا اور ہمارے مسائل کا حل ریاست سے غیر ملکی تسلط کے خاتمے اور اپنے وسائل پر اپنے اختیار کی بحالی سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے دنیا بھر میں مقیم کشمیری عوام کی حالیہ جدوجہد کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دیارِ غیر میں مقیم کشمیری ریاست کی آزادی کیلئے بے پناہ محنت کر رہے ہیں اور انکی محنت کے نتیجے میں مسئلہ کشمیر ایک دفعہ پھر دنیا کی نظروں میں ابھر کر سامنے آیا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جدوجہد کو تیزی سے منزل کی طرف لیجانے کیلئے متحد ہو کر آگے بڑھیں اور فیصلہ کن معرکے کی تیاری کریں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کے سابق صدر سردار لیاقت حیات، لبریشن فرنٹ شعبہ خواتین کی صدر طاہرہ توقیر، ایس ایل ایف آزاد کے چیئرمین احسن اسحاق، زبیر شریف ، سردار ریشم خان اور دیگر مقررین نے سردار شریف مرحوم کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی پسندوں کی جدوجہد کے نتیجے میں آج ریاست جموں کشمیر کی مکمل آزادی کو مسئلہ کشمیر کا واحد ممکن اور قابلِ عمل حل قرار دیا جا رہا ہے۔
مقررین نے کہا کہ قوم پرست جماعتوں اور کارکنان کو متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا اور اپنے پیش رو اکابرین کی جدوجہد سے سبق سیکھتے ہوئے منظم ہو کر اپنی آواز کو دنیا بھر میں بلند کرنا ہوگا۔مقررین نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کو عالمی برادری اور کشمیری عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کا پاس کرتے ہوئے ریاست جموں کشمیر سے اپنی اپنی افواج کا مکمل انخلاء کرنا ہوگا تاکہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی آزادانہ خواہشات کے مطابق حل کیا جا سکے اور خطے میں دیرپا امن کا قیام ممکن ہو سکے۔