کراچی (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کی ذیلی تنظیم شباب ملی کے تحت کراچی میں مزار قائد پر یوتھ فیسٹول کا انعقاد کیا گیا۔ فیسٹیول میں شرکت کے لیے کارکنان مختلف علاقوں سے موٹر سائیکلوں، اونٹوں اور گھوڑوں پر سوار ہو کر مزار قائد پہنچے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق بھی گھوڑے پر سوار ہو کر مزار قائد پہنچے۔ جہاں کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر سنیٹر سراج الحق نے شباب ملی کو جے آئی یوتھ ونگ میں ضم کرنے کا اعلان کر تے ہو ئے کہا کہ نوجوان ملک چھوڑ کر باہر نہ جائیں بلکہ اس کی ترقی کے لیے کردار ادا کریں۔
امیر جماعت اسلامی سنیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ نظریہ پاکستان کی حفاظت کرنا نوجوانوں کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔ استحصالی نظام کیوجہ سے نوجوان بے روزگار ہیں، اسٹیٹس کو کیوجہ سے نوجوان مایوس ہیں۔ یوتھ فیسٹیول کے اختتام پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔
کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 65 فیصد نوجوان طبقہ ہے۔ ان کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو اندھیروں سے نکال کر اسے جنت بنائیں اور اس کی ترقی میں کردار ادا کریں۔