واشنگٹن (جیوڈیسک) پاک فوج کے شبعہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دورہ امریکا کے دوران امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاک امریکا دفاعی تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ امریکی وزیر دفاع نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا اور کہا کہ ضرب عضب میں کامیابی سے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی مدد کرتے رہیں گے۔ ایشٹن کارٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان اہم اتحادی ہے۔ امریکا کے پاکستان سے تعلقات دیگر ملکوں سے مشروط نہیں۔ اس موقع پر جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔
قومی اتفاق رائے سے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے علاقائی سلامتی سے متعلق پاکستان کا موقف واضح طور پر پیش کیا۔ اس سے قبل امریکی وزیر دفاع نے پاکستانی وفد کو خوش آمدید کہا۔