مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) نا اہل حکمرانوں کی وجہ سے ظلم، نا انصافی، ڈکیتیاں پنجاب کے عوام کا مقدر بن چکی ہیں، تحریک انصاف کرپٹ اور نا اہل حکمرانوں کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی، مسلم لیگ ن کی کارگردگی ہر گزرتے دن کے ساتھ بد سے بد تر ہو رہی ہے، 6 ماہ میں بجلی بحران ختم کرنے کے دعوے کرنے والوں نے عوام کو اندھیرو ں میں دھکیل رکھا ہے۔
تاجر، صنعت کار اور عوام مہنگائی، بیروز گاری، ظلم و نا انصافی کی وجہ سے پریشان ہیں، حکمران عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں، جلد ہی عوام کی عدالت لگنے والی ہے جس میں عوام انصاف کریں گے، عوام تحریک انصاف کو اپنا نجات دھندہ مان چکے ہیں، آئندہ حکومت تحریک انصاف کی ہو گی۔
ان خیالات کا اظہار رہنما تحریک انصاف حلقہ پی پی 175 مسز مسعود احمد بھٹی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونین کونسل 2میر محمد ستوکی ہماری آبائی یونین کونسل ہے یہاں سے مسعود احمد بھٹی کا بھائی بلا مقابلہ الیکشن جیت چکا ہے انشا اللہ آئندہ جزل الیکشن میں حلقہ پی پی 175سے بھی تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لیکر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے، کامیابی حاصل کرکے مظلوم عوام کی آواز بنوں گی ،ہم سیاست کو کاروبار نہیں بلکہ خدمت سمجھ کر کریں گے، حلقہ کی عوام ہمارے ساتھ ہے، آئندہ الیکشن میں دھاندلی کرنے والے اسمبلی میں نہیں بلکہ جیل میں جائیں گے۔