لندن (جیوڈیسک) ریہام خان نے کہا ہے کہ شادی سے پہلے عمران خان کو اپنے خدشات سے آگاہ کیا تھا لیکن انھوں نے کہا کہ ایک بار مسز عمران خان نیازی بن جاؤ، پھر کوئی کچھ نہیں کہہ سکے گا۔
ریحام خان نے کہا کہ انھوں نے شادی پی ٹی آئی کے چیئرمین یا کسی سلیبرٹی سے نہیں کی تھی، ایک ایسے انسان سے کی تھی جو ان کی طرح طلاق یافتہ تھا۔
شادی سے پہلے ریحام کے ذہن میں کچھ خدشات تھے۔ انھوں نے عمران خان سے کہا کہ لوگ ان کی زندگی کی اسکروٹنی کریں گے مگر عمران نے انھیں دلاسا دیا کہ ایک بار مسز نیازی بن جائیں تو کوئی کچھ نہیں کر سکے گا۔
انھوں نے کہا کہ شادی اس لیے ٹوٹی کیونکہ دونوں کی آپس میں بن نہیں سکی۔ انھوں نے اس تاثر کو مسترد کر دیا کہ ان کے سیاست میں آنے کے شوق کی وجہ سے شادی ٹوٹی۔
ریحام خان نے کہا کہ انھوں نے سیاست میں عمران خان کی مدد اس لیے کی کیونکہ وہ ان کے خاندان کے رکن بن چکے تھے، اگر عمران خان کا دانتوں کا کلینک بھی ہوتا تو وہ ان کی مدد ضرور کرتیں۔
انھوں نے انکشاف کیا کہ انھیں پی ٹی آئی کی آئیڈیالوجی کا علم نہیں، انھوں نے اس کا مطالعہ نہیں کیا۔