ممبئی (جیوڈیسک) سلمان خان ایک کے بعد ایک سپر ہٹ فلمیں دے رہے ہیں لیکن دوسری طرف ہیں ان کی سابق گرل فرینڈ کے موجودہ فرینڈ رنبیر کپور پے درپے ناکامیوں سے پریشان ہیں،ہوسکتا ہے ایک ہفتے بعد ان کی یہ پریشانی ختم ہوجائے۔
7دن بعد ریلیز ہورہی ہے فلم ’’تماشا’’ جس میں رنبیر کے ساتھ کوئی اور نہیں دیپیکا ہیں جن کے ساتھ رنبیر کپور دو کامیاب فلمیں کرچکے ہیں۔ فلم کے ہدایت کار امتیاز علی ہیں جن کا نام ہی کافی ہے۔ دیکھتے ہیں کہ یہ فلم امتیاز اور دیپیکا کیلئے ہیپی اینڈنگ لائے گی یا رنبیر کپور کیلئے ایک اور ناکامی۔
راک اسٹار رنبیر کپور اپنی ابتدائی ہٹ فلموں کے بعد بالی ووڈ کے چوتھے خان سمجھے جاتے تھے، ایک کے بعد ایک ہٹ دینے کے بعد جیسے ہی رنبیر اسکرین پر ’’بے شرم‘‘ بنے ان کی کامیابیوں کو بریک لگا گیا۔
اپنے ماں باپ کے سامنے ’’بے شرم‘‘ بننا رنبیر کپور کو راس نہ آیا، تین مسلسل ہٹ دینے کے بعد بے شرم سے ان کی ناکامیوں کی ہیٹ ٹرک کا آغاز ہوا۔
اس کے بعد آئی فلم ’’رائے‘‘ جس کے گانے تو مقبول ہوئے لیکن رنبیر کپور کا کردار فلم کو لے بیٹھا، لوگ سوچنے لگے کہ انہوں نے رنبیر کی اس فلم کا ٹکٹ لیا ہی کیوں؟
رنبیر کی ناکامیوں کا سفر ابھی ختم نہیں ہوا تھا، فلاپ فلموں کی ہیٹ ٹرک ہونا باقی تھی۔رنبیر کپور کی اب تک مہنگی ترین فلم ان کی سب سے بڑی فلاپ قرار پائی۔
یہ اعزاز انہیں دلوایا فلم ’’بمبئے ویلوٹ‘‘ نے جس میں کیے گئے تجربات نے رنبیر کے کیریئر میں بڑا فل اسٹاپ لگادیا۔