کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر بلدیہ کورنگی کے تحت شاہ فیصل زون میں خصوصی صفائی و بلدیاتی انتظامات کی بہتری کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری رکھ کر تعطیل کے باوجود ہفتے کے روز شاہ فیصل کالونی کے مختلف یونین کمیٹی میں صفائی وستھرائی اور بلدیاتی انتظامات کی بہتری کے حوالے سے جاری انتظامات کے دوران سینکڑوں ٹن کچرا ،مٹی اور ملبے کے ڈھیروں کو سڑکوں اور گلیوں سے اُٹھا کر ٹھکانے لگا دیا گیا مہم کے دوران شاہ فیصل زون کی مختلف اہم شاہراہوں اور تجارتی مراکز کے اطراف قائم سینکڑوں تجاوزات ،غیر قانونی تعمیرات ،ٹھیلے ،پتھارے ،کیبنزسمیت اہم شاہراہوں پر قائم غیر قانونی وہیکل اسٹینڈز کا خاتمہ کردیا گیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایت پر جاری مہم اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کے معائنے کے لئے میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے متعلقہ افسران کے ہمراہ شاہ فیصل زون کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران و ذمہ دران کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی اور بلدیاتی انتظامات مستقل بنیادوں پر بہتر بنا کر عوام کو سہولت پہنچانے کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گلیوں اور محلوں کی سطح پر صفائی وستھرائی کے نظام کو بہتر اور روشنی کے انتظامات کی بہتری کے لئے اسٹریٹ لائٹس کی درستگی کو یقینی بنایا جائے۔
دورے کے موقع پر شاہ فیصل زون محکمہ انسداد تجاوزات کی جانب سے شاہراہوں اور تجارتی مراکز کے اطراف سے تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے جاری مہم کا معائنہ کرتے ہوئے میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے محکمہ انسداد تجاوزات سیل کے ذمہ دران کو ہدایت کی کہ بلا تفریق عوامی سہولت کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کا خاتمہ یقینی بنا یا جائے اور اس کی روک تھام کے حوالے سے موثر اقدامات کئے جائیں اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ خصوصی مہم کے دوران صفائی وستھرائی کے عمل کو بہتر بنا نے کے ساتھ شاہراہوں سے وال چاکنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے۔