راولپنڈی (جیوڈیسک) فیس بک پر دوستی کا بھیانک انجام راولپنڈی میں بیس سالہ لڑکی قتل۔ مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کے بعد فلیٹ کی تیسری منزل سے گرا دیا گیا ایک ملزم گرفتار۔ پولیس کے مطابق لڑکی کی لاش تھانہ روات کے علاقے میں ایک فلیٹ کے باہر سے ملی ہے۔
لڑکی کی مزاحمت پر چھت سے گر کر زخمی ہونے والے ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کا تعلق چکوال جبکہ گرفتار ملزم کا وہاڑی سے ہے۔ دونوں کے درمیان دوستی فیس بک پر ہوئی ۔ لڑکی تین دن سے گھر سے لاپتہ تھی جسے قتل کر کے عمارت سے پھینکا گیا۔
دوسری جانب ملزم کا کہنا ہے کہ زیادتی اور قتل کا الزام غلط ہے۔ دونوں نے کورٹ میرج کر رکھی تھی۔ لڑکی کی والدہ اور بھائی نے کہا شادی کا بیان جھوٹ ہے ۔ مقتولہ قائد اعظم یونیورسٹی میں پولیٹیکل سائنس کی طالبہ تھی۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد لڑکی کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی۔