لاہور: پاکستان فیڈریل یونین آف کالمسٹ (پی ایف یو سی) کے قلمکاروں کی منتخب تحریری کاوشوں پر مشتمل کتاب ”کالم پوائنٹ” کی تقریب رونمائی مقامی ہوٹل میں ہوئی جس میں ملک بھر سے پی ایف یو سی کے ممبران نے شرکت کی جبکہ لکھاریوں کی پذیرائی کیلئے معروف کالم نگار و تجزیہ کار رئوف طاہر، سلمان عابد، نجم ولی خان، افضال ریحان، ڈاکٹر طاہر حمید تنولی ، شہزاد چوہدری اور فرخ شہباز وڑائچ نے تقریب میں خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔
مقررین نے پی ایف یو سی کے قیام کو سراہا اور اس امر پر خراج تحسین پیش کیا کہ ماضی میں نوجوانوں اور نئے لکھنے والوں کی راہنمائی کیلئے ادارے یا فورم نہیں ہوا کرتے تھے جبکہ جونیئر اور سینئر کے درمیان فاصلے تھے جس کی وجہ سے سیکھنے سکھانے کا تعلق محدود تھا لیکن ”پی ایف یو سی” کو سینئرز کی راہنمائی مہیا ہونے کے ساتھ ساتھ یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس نے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے علاوہ جونئیرز کو سینئرز تک رسائی دی اور دونوں کے درمیان فاصلے کم کیے ۔ رئوف طاہر ، سلمان عابد ، نجم ولی خان ، افضال ریحان ، پروفیسر رفعت مظہر ، شہزاد چوہدری ، فرخ شہباز وڑائچ اور دیگر نے مختلف افکار کو سمجھنے کیلئے تقریب کے شرکاء کو مطالعے اور تحقیق کی وسعت اختیار کرنے اور مخالف کے نکتہ نظر کا پاس رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کالم اور ”گالم” میں فرق رکھنے کی ترغیب دیتے ہوئے تنقید کو تہذیب کے دائرے میں رکھنے کی ہدایات دیں ۔ مقررین نے مزید کہا کہ جمہوری اور آئینی نظام میں صلاحیتیں پروان چڑھتی ہیں۔
لکھاری سیاستدانوں پر تنقید ضرور کریں لیکن سیاست و جمہوریت کو محض مفروضوں کی بنیاد پر بطور ادارہ گالی نہ بنائیں اور مفروضوں کی خواہشات پر فوقیت مت دیں ۔ مقررین نے پی ایف یو سی کے تحت شائع ہونے والی کتاب ”کالم پوائنٹ” کی بھرپور تعریف کی اور کہا کہ اس کتاب میں شامل تحریروں کا حسن بتارہا ہے کہ یہ نوجوان اندھیروں میں امید کی شمعیں ہیں اور ملک کا مستقبل ان لکھاریوں کی صورت میں روشن ہے۔
سینئر قلمکاروں کا کہنا تھا ”پی ایف یو سی” کے نوجوان لکھاریوں کو دیکھ کر ان کی جذبے جواں اور ولولے تازہ ہوئے ہیں اور اب وہ قوم کے مستقبل سے مایوس نہیں ہیں ۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ”پی ایف یو سی” بطور ادارہ نوجوانوں کی راہنمائی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔